
اتر پردیش کے دہلی سے متصل شہروں میں فضائی آلودگی مسلسل خطرناک سطح پر برقرار ہے۔ نوئیڈا، غازی آباد، گریٹر نوئیڈا، ہاپوڑ اور میرٹھ سمیت پورے خطے کے لوگ پچھلے ایک مہینے سے زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ فضا میں مسلسل موجود دھوئیں، گرد و غبار اور آلودہ ذرات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور انہیں کسی قسم کی راحت ملتی نظر نہیں آ رہی۔
آلودہ ہوا کے اثرات بچوں سے لے کربڑوں تک سبھی کے صحت پر دکھائی دے رہے ہیں۔ آنکھوں میں جلن، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور گلے میں خراش جیسے مسائل عام ہو چکے ہیں۔ عام شہری اس صورتحال کو ’گیس چیمبر‘ کی کیفیت سے تعبیر کر رہے ہیں، جب کہ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی کوئی بڑی بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے۔
لونی آج بھی سب سے زیادہ آلودہ علاقہ
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق جمعہ 5 دسمبر کو بھی غازی آباد کا لونی علاقہ پورے اتر پردیش میں سب سے زیادہ آلودہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں اے کیوآئی صبح کے وقت 381 رہا، جو ’بہت خراب‘ زمرے میں آتی ہے۔ وسندھرا میں AQI 303 اور اندرا پورم میں 290 ریکارڈ کیا گیا۔
یوپی کے دیگر شہروں میں بھی حالت خراب
نوئیڈا میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ یہاں اے کیو آئی 280 سے 380 کے درمیان ریکارڈ ہوا، جو ’خراب‘ سے ’بہت خراب‘ کی کیٹیگری میں آتا ہے۔ نوئیڈا سیکٹر-125 میں AQI 367، سیکٹر-116 میں 346 اور سیکٹر-62 میں 286 رہا۔ گریٹر نوئیڈا کے نالج پارک-5 میں 337 AQI درج کیا گیا۔
دیگر شہروں کی بات کریں تو ہاپوڑ آج سب سے آلودہ رہا، جہاں AQI 350 رہا، جب کہ باغپت میں 321، میرٹھ کے پَلاوَپُرم میں 287 اور بلند شہر میں 265 AQI ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب لکھنؤ، وارانسی، پریاگراج اور گورکھپور میں بھی آلودگی کی سطح بڑھ گئی ہے اور یہ شہر یلو زون میں پہنچ گئے ہیں، جس نے انتظامیہ اور صحت محکمے کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔







