نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر پر ایک بار پھر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے 23 مئی کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں جے شنکر کو ’جے جے‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کئی سنگین سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا، “کیا جے جے بتائیں گے، ’’ہندوستان کو پاکستان کے برابر کیوں لا بٹھایا گیا؟ پاکستان کی مذمت میں ایک بھی ملک نے ہمارا ساتھ کیوں نہیں دیا؟ ٹرمپ کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کرنے کے لیے کس نے کہا؟ ہندوستان کی خارجہ پالیسی تباہ ہو چکی ہے۔‘‘
راہل گاندھی کا یہ تازہ تبصرہ اس ویڈیو کے تناظر میں آیا ہے جس میں جے شنکر ڈچ میڈیا کو انٹرویو دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں وزیر خارجہ جے شنکر سے پاکستان، بین الاقوامی حمایت اور ہندوستان کی پالیسی پر سوالات کیے جا رہے ہیں، جن پر ان کے جوابات غیر واضح اور ہچکچاہٹ والے دکھائی دیتے ہیں۔ کانگریس کے آفیشل ایکس ہینڈل سے بھی یہی ویڈیو شیئر کیا گیا، جس کے ساتھ لکھا گیا، ’’ان کی زبان لڑکھڑا کیوں رہی ہے؟‘‘
بعد ازاں 19 مئی کو راہل گاندھی نے ایک اور پوسٹ میں کہا، ’’وزیر خارجہ کی خاموشی محض بیان بازی نہیں، بلکہ قابل مذمت ہے۔ میں پھر پوچھتا ہوں— کتنے ہندوستانی طیارے ہم نے کھو دیے، کیونکہ پاکستان پہلے سے آگاہ تھا؟ یہ محض چوک نہیں بلکہ ایک جرم تھا اور ملک کو سچ جاننے کا حق ہے۔‘‘
ان بیانات کا پس منظر 15 مئی کو دیا گیا وہ انٹرویو ہے، جس میں وزیر خارجہ نے ’آپریشن سندور‘ پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان نے دہشت گردی کے ڈھانچے پر حملہ کیا، فوج پر نہیں اور اس لیے پاکستان کو پیشگی اطلاع دی گئی تاکہ وہ مداخلت نہ کرے۔