پاکستان کو ‘آپریشن سندور’ کی جانکاری پہلے سے ہی دیے جانے پر راہل گاندھی لگاتار سوال اٹھا رہے ہیں، اور آج بھی انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کی خاموشی صرف بیان دینا نہیں ہے، بلکہ یہ قابل مذمت ہے۔ اس لیے میں پھر سے سوال کروں گا کہ ہم نے کتنے ہندوستانی طیارے گنوا دیے، کیونکہ پاکستان کو پتہ تھا؟ یہ کوئی غلطی نہیں تھی، یہ ایک جرم تھا اور ملک کو حقیقت جاننے کا حق ہے۔
پون کھیڑا نے آپریشن سندور کی جانکاری پاکستان کو قبل میں ہی دیے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسی مخبری سے مسعود اظہر اور حافظ سعید بھاگ گئے۔ آپ نے ان کو کیوں بچایا؟ مسعود اظہر کو دوسری بار آپ نے بچایا، قندھار میں پہلے بچایا تھا۔ انھوں نے یہ سوال بھی حکومت سے پوچھا کہ قبل میں دی گئی اس جانکاری سے کتنے دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے؟
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی اور کانگریس آپریشن سندور کی جانکاری پاکستان کو پہلے دیے جانے پر لگاتار سوال ضرور پوچھ رہے ہیں، لیکن وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز ہی ان بیانات کو پوری طرح سے غلط قرار دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر خارجہ جئے شنکر نے آپریشن سندور کی جانکاری پہلے سے ہی پاکستان کو دے دی تھی۔ وزارت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ نے کہا تھا ہم نے پاکستان کو شروعات میں ہی تنبیہ دے دی تھی، جو واضح طور سے آپریشن سندور کے شروع ہونے کے بعد کا شروعاتی مرحلہ ہے۔ اسے غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔ حقائق کو پوری طرح سے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔