آئی پی ایل 2025 میں آج ایک اہم مقابلہ کھیلا جانا ہے، لیکن اس سے عین قبل اسٹیڈیم کے باہر آگ لگنے سے افرا تفری پیدا ہو گئی۔ مقابلہ لکھنؤ کے بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی اکانا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ یہاں لوگ میچ دیکھنے پہنچ ہی رہے تھے کہ اچانک اسٹیڈیم کے باہر آگ لگنے کا واقعہ پیش آ گیا جس نے افرا تفری پیدا کر دی۔ آگ کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور بڑی مشقت کے بعد اس آگ پر قابو پایا گیا۔ اس آتشزدگی کے بعد لوگوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہونے لگا ہے کہ کیا میچ وقت پر شروع ہو پائے گا؟
اکانا اسٹیڈیم میں 4 اپریل کو آئی پی ایل 2025 کا سولہواں مقابلہ کھیلا جانا ہے۔ یہ میچ رشبھ پنت کی کپتانی والی میزبان لکھنؤ سپر جائنٹس اور ہاردک پانڈیا کی کپتانی والی ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شام 7.30 بجے سے شروع ہونا ہے، لیکن ہزاروں سیٹ والے اس اسٹیڈیم میں لوگوں کا پہنچنا صبح سے ہی شروع ہو گیا تھا۔ اسی دوران آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ آگ اسٹیڈیم کے باہر جھاڑیوں میں لگی تھی، اس لیے بہت زیادہ دقتیں پیش نہیں آئیں۔ حالانکہ ہزاروں کی تعداد میں ناظرین اسٹیڈیم کے اندر جانے کی تیاری کر رہے تھے، اس لیے آگ کی لپٹوں اور دھوئیں نے وہاں موجود لوگوں میں بے چینی پیدا کر دی۔
اس آگ کا دھواں دور سے ہی دکھائی دے رہا تھا اور لوگوں نے فوراً یہ خبر فائر بریگیڈ محکمہ کو دی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اچھی بات یہ ہے کہ کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔ اس آگ سے کسی جانی و مالی نقصان کی خبر بھی نہیں ہے۔ اطمینان کی بات یہ بھی ہے کہ آج ہونے والے میچ میں اس آگ کی وجہ سے کوئی خلل پیدا نہیں ہوا ہے، یعنی میچ اپنے وقت کے مطابق 7.30 بجے سے ہی شروع ہوگا۔ حالانکہ اس حادثہ کے بعد سیکورٹی اہلکار زیادہ مستعد ہو گئے ہیں اور حفاظتی انتظامات بھی پہلے سے زیادہ سخت کر دیے گئے ہیں۔