گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے جمعہ کے روز سیاحوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کچھ اہم اعلانات کیے۔ انھوں نے بتایا کہ گوا ریاست میں داخل ہوتے وقت اگر سیاح گاڑیوں میں اسٹوو گیس سلنڈر جیسی چیزیں رکھتے ہیں تو انھیں جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی ان کے سامان بھی ضبط کر لیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ گوا میں کھلے آسمان کے نیچے کھانا پکاتے ہوئے دیکھے جانے پر پولیس انھیں گاڑی سمیت حراست میں لیتے ہوئے جرمانہ بھی لگائے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ گوا میں کھلی جگہوں پر گھوم کر سیاحوں کی مالش کرنے والے مالشیے، سیاحوں کو پریشان کرنے والے بھکاری اور سیاحتی شعبوں میں کام کرنے والے دلالوں کو پولیس حراست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انھوں نے جمعہ کے روز گوا میں مقامی باشندوں اور سیاحوں دونوں کو پریشان کرنے سے روکنے کے لیے کئی ترکیبوں کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ اب صرف باڈی کیمرہ والے پولیس انسپکٹر ہی دن کے وقت ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر چالان کاٹ سکیں گے۔ علاوہ ازیں رات کے وقت وردی پر کیمرہ لگانے والے پولیس انسپکٹر یا سَب انسپکٹر ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کا چالان کاٹیں گے۔
دی گئی جانکاری کے مطابق نیا اصول 4 اپریل یعنی جمعہ سے ہی نافذ ہو گیا ہے۔ اب ریاست میں داخل ہونے والے سبھی سیاحوں کی گاڑیوں کو ریاستی سرحد پر جانچ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر وہ سڑک کنارے کھانا بناتے پائے گئے تو ان کے گیس اسٹوو اور سلنڈر ضبط کر لیے جائیں گے اور ان کی گاڑیوں پر جرمانہ لگایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کے بعد مقامی لوگوں اور سیاحوں کا استحصال بند ہو جائے گا۔