چمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم انڈیا کے لیے بی سی سی آئی نے اپنا خزانہ کھول دیا ہے۔ بی سی سی آئی نے چمپئن ٹیم انڈیا کو 58 کروڑ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ انعامی رقم کھلاڑیوں، کوچنگ اور معاون اسٹاف اور اجیت اگرکر کی صدارت والی سلیکشن کمیٹی کو ملے گی۔ حالانکہ بورڈ نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا ہے کہ کسے کتنی انعامی رقم دی جائے گی۔
بی سی سی آئی کے صدر روجر بنّی نے ایک بیان میں کہا کہ لگاتار دو آئی سی سی ٹرافی جیتنا خاص ہے۔ یہ انعام عالمی سطح پر ٹیم انڈیا کے بہترین مظاہرہ کے لیے ہے۔ وہیں چمپئنز ٹرافی جیتنے پربھی ٹیم انڈیا کو آئی سی سی کی طرف سے 20 کروڑ روپے کا انعام دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے چمپئنز ٹرافی میں شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ ٹیم نے فائنل تک پہنچنے کے لیے لگاتار چار میچ جیتے تھے اور پھر فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ کر لیا تھا۔
ٹیم انڈیا نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 6 وکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کی اپنی مہم کی شاندار شروعات کی تھی۔ اس کے بعد ٹیم نے لیگ مرحلے میں سب سے ہائی پروفائل مقابلے میں میزبان پاکستان کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے اپنی راہیں ہموار کرلیں۔ اس میچ میں بھی ہندوستانی ٹیم کو 6 وکٹ سے جیت ملی۔ میچ میں کوہلی نے شاندار سنچری بنائی تھی۔ اس کے بعد لیگ مرحلے کے آخری میچ میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 44 رنوں سے شکست دے کر شاہانہ طور پر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ٹیم انڈیا پوائنٹس ٹیبل پر پہلے مقام پر رہی۔ ایسے میں سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ گروپ بی میں دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا سے ہوا۔ اس میچ میں بھی کوہلی کی شاندار بلے بازی کی بدولت ٹیم نے 4 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ پھر سب سے اہم فائنل میں ٹیم انڈیا نے دلچسپ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرلیا۔