رمضان کے مبارک ماہ میں روزہ رکھنے والے لوگ پورے دن بھوک و پیاس کی شدت برداشت کرتے ہیں۔ ایسے میں افطار کے وقت جسم کو ایسی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے جو فوری توانائی فراہم کرے اور ہائیڈریٹ بھی رکھے۔ اس لیے افطاری میں صرف کھانے پر نہیں بلکہ مشروبات پر بھی دھیان دینا ضروری ہوتا ہے۔ صحیح مشروب نہ صرف جسم کو ہائیڈریٹ کرتا ہے بلکہ توانائی بھی فراہم کرتا ہے، جس سے اگلے روز کا روزہ آسانی سے رکھنے میں مدد ملتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ افطار میں کس طرح کے مشروبات کا استعمال کرنا فائدہ مند ہوگا۔ افطار میں بازار میں دستیاب پیک شدہ جوس کے بجائے گھر پر بنی قدرتی اور صحت بخش مشروبات کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ یہ مشروبات جسم کو نہ صرف ٹھنڈک پہنچاتے ہیں، بلکہ غذائیت بھی فراہم کرتے ہیں۔ آئیے ذیل میں ہم آپ کو کچھ ایسے ہی صحت بخش اور لذیذ مشروبات کی ترکیبیں (ریسپی) بتا رہے ہیں، جو آپ کی افطار کو مزید خاص بنا دیں گے۔
1. کھجور مِلک شیک:
کھجور کو رمضان کا سب سے اہم حصہ مانا جاتا ہے۔ اس میں قدرتی طور پر چینی ہوتی ہے، جو فوری طور پر توانائی فراہم کرتی ہے۔ کھجور سے ہی افطار کی شروعات کی جاتی ہے، آپ اسے ’مِلک شیک‘ کی طرح بھی پی سکتے ہیں۔ ملک شیک بنانے کے لیے 7-6 کھجور (بیج نکال کر) 1 گلاس ٹھنڈا دودھ، 1 چمچ شہد، 5-4 بادام (بھیگے ہوئے) برف کے ٹکڑے لے لیں۔ اس کے بعد کھجور اور بادام کو 10 منٹ کے لیے پانی میں بھگو دیں۔ اب انہیں مِکسر میں ڈالیں اور تھوڑا دودھ ملا کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ اب اس میں بچا ہوا دودھ اور شہد ملائیں اور پھر سے بلینڈ کریں۔ تیار ملک شیک کو گلاس میں اوپر سے برف ڈال کر پیش کریں۔
2. سبزہ (تلسی کا بیج) لیمونیڈ:
سبزہ (تلسی کا بیج) پیٹ کو ٹھنڈک دیتا ہے اور پانی کی کمی کو دور کرتا ہے۔ افطاری میں سبزہ کا شربت پینے سے پانی کی کمی نہیں ہوگی۔ ساتھ ہی پورے جسم کو ٹھنڈک بھی ملے گی۔ سبزہ کا شربت بنانے کے لیے 1 گلاس ٹھنڈا پانی، 1 چمچ سبزہ کا بیج (10 منٹ پانی میں بھگو کر)، 1 لیموں کا رس، 1 چمچ شہد یا چینی 1/2 چمچ کالا نمک اور برف کے ٹکڑے لے لیں۔ اس کے بعد سبزہ بیج کو 15-10 منٹ کے لیے پانی میں بھگو کر رکھیں۔ 1 گلاس پانی میں لیموں کا رس، شہد اور کالا نمک ڈالیں اور اچھے سے ملائیں۔ اب اس میں بھیگے ہوئے سبزہ بیج ڈالیں اور ملائیں، برف ڈال کر پیش کریں۔
3. روح افزا ملک شیک:
روح افزا میں قدرتی جڑی بوٹیاں ہوتی ہیں، جو جسم کو ٹھنڈک دیتی ہیں۔ اکثر رمضان میں افطاری میں لوگ روح افزا کا شربت پینا پسند کرتے ہیں۔ آپ اسے ملک شیک کی طرح بھی بنا سکتے ہیں۔ روح افزا ملک شیک بنانے کے لیے 1 گلاس ٹھنڈا دودھ، 2 چمچ روح افزا، 1 چمچ شہد اور 5-4 برف کے ٹکڑے لے لیں۔ اس کے بعد 1 گلاس ٹھنڈے دودھ میں روح افزا اور شہد ڈالیں۔ اچھی طرح ملا لیں یا مکسر میں بلینڈ کر لیں۔ اسے ایک گلاس میں ڈالیں، اوپر سے برف ڈالیں اور پیش کریں۔
4. تربوز کا جوس:
تربوز قدرتی طور پر پانی سے بھرا ہوا ہوتا ہے جو جسم کو پانی کی کمی سے بچاتا ہے۔ افطاری مین اسے کھانے یا اس کا جوس پینے سے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہوتی ہے۔ ایسے میں آپ روزانہ تربوز کو افطاری میں ضرور کھائیں۔ تربوز کا جوس بنانے کے لیے 1 کپ کٹے ہوئے تربوز، 1 چمچ لیموں کا رس، 1 چمچ چینی یا شہد، 5-4 پودینے کی پتیاں اور برف کے ٹکڑے لے لیں۔ اس کے بعد تربوز کو مکسر میں ڈالیں اور بلینڈ کریں۔ اب اس میں لیموں کا رس، شہد اور پودینے کی پتیاں ڈالیں اور پھر اسے مکس کریں۔ اسے چھان کر گلاس میں ڈالیں، اوپر سے برف ڈالیں اور پیش کریں۔