نئی دہلی: امریکہ سے واپس آنے والے تارکین وطن کے مسئلہ پر آج لوک سبھا میں اپوزیشن اراکین نے زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ تین بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی شروع کر دی۔ ہنگامے کے درمیان وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایوان میں بیان دیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اراکین سے بجٹ پر بحث کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے آپ کو منتخب کیا ہے۔ بجٹ پر اہم بحث ہو سکتی ہے۔ آپ مالی معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کر سکتے ہیں۔ آپ اپنے علاقے کی ترقی کی بات کر سکتے ہیں۔ بجٹ کے ذریعے سماجی اور معاشی تبدیلیاں کیسے لائی جا سکتی ہیں اس بارے میں تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔ آپ بحث نہیں کرنا چاہتے۔ اسپیکر کی درخواست پر بھی جب ہنگامہ نہ رکا تو ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
اس سے پہلے جیسے ہی پریزائیڈنگ آفیسر دلیپ سائکیا نے دو بار ملتوی ہونے کے بعد دوپہر دو بجے ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ انہوں نے اراکین سے ہنگامہ آرائی نہ کرنے کی اپیل کی لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی۔
پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے اراکین سے گزارش کی کہ وہ بجٹ پر بحث کی اجازت دیں کیونکہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سہ پہر 3.30 بجے اس معاملے پر بیان دینے والے ہیں جس پر وہ ہنگامہ کر رہے ہیں، لیکن اراکین نے ان کی بات نہیں سنی اور ہنگامہ آرائی جاری رکھی، جس کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر نے ایوان کی کارروائی سہ پہر 3:20 بجے تک ملتوی کر دی۔