اُناؤ: کانپور-لکھنؤ ہائی وے پر اجگین علاقے میں جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ کمبھ اسنان کرکے لوٹ رہی عقیدت مندوں سے بھری ایک مارشل جیپ آگے چل رہی روڈویز بس سے ٹکرا گئی جس میں باپ-بیٹی کی موت ہو گئی جبکہ 10 افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد لوگوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ 20 منٹ بعد موقع پر پہنچی پولیس نے جیپ میں پھنسے لوگوں کو باہر نکال کر سی ایچ سی پہنچایا۔ اس واقعہ کے بعد تقریباً ایک گھنٹہ ہائی وے جام رہا۔
ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش کے ایشا گڑھ و شیو پوری کے 12 عقیدت مند مارشل جیپ سے یکم فروری کو کمبھ اسنان کے لیے پہنچے تھے۔ اسنان کے بعد سبھی وارانسی کاشی وشوناتھ پھر ایودھیا کے بعد چترکوٹ جا رہے تھے۔ اجگین علاقے میں چمرولی گاؤں کے سامنے جیپ آگے چل رہی مہوبا ڈپو کی روڈ ویز بس میں پیچھے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی تیز تھی کہ دو عقیدت مند 55 سالہ سریش تیواری اور ان کی 30 سالہ بیٹی رادھا ویاس (شوہر کپل ویاس) کی موقع پر موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور کو جھپکی آ گئی تھی جس کے سبب گاڑی پر سے اس کا کنٹرول چھوٹ گیا اور یہ حادثہ پیش آگیا۔
حادثے میں سریش تیواری کی اہلیہ سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں سی ایچ سے لے جایا گیا، پھر وہاں سے 2 لوگوں کو ضلع اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ سی او حسن گنج سنتوش سنگھ نے اسپتال میں پہنچ کر زخمیوں کے احوال دریافت کیے۔
زخمیوں میں وملا سنگھ، پرمان سنگھ، بھگوتی، ستیش، رانی، انش، انیکا، ڈرائیور شیوا، اوم وتی سشما بھارگو کے نام شامل ہیں۔ وہیں پولیس نے دوسری گاڑی سے دیگر مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کا انتظام کیا۔