کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بجٹ اجلاس کے آغاز سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے اپوزیشن پر حملوں کے بعد جمعہ کو الزام لگایا کہ وزیر اعظم عوامی مسائل پر گفتگو نہیں کرتے اور سوالوں کے جواب دینے سے گریز کرتے ہیں۔
پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’وہ ہمیشہ یہی کرتے ہیں۔ عوامی مسائل پر بات نہیں کرتے، جواب نہیں دیتے۔ آپ نے پچھلا سیشن دیکھا کہ (انہوں نے) بحث ہی نہیں کی۔ یہ سب (الزامات) تو کہیں گے ہی۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو کہا کہ 2014 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب پارلیمنٹ کے اجلاس کے آغاز سے پہلے بیرون ملک سے کسی قسم کی ’چنگاری‘ بھڑکانے کی کوشش نہیں کی گئی۔
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’میں 2014 سے دیکھ رہا ہوں کہ ہر اجلاس سے پہلے شرارت کرنے کے لیے لوگ تیار رہتے تھے اور یہاں ان کو ہوا دینے والوں کی کمی نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے پہلے دن صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے خطاب میں مودی حکومت کی کامیابیاں گنوائیں۔ صدر جمہوریہ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جلد دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی شروع کردہ اسکیموں اور ان سے ہونے والے مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ہماری حکومت مسلسل مشن موڈ میں کام کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ بیرون ممالک سے سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس سے ملک کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔ اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے آئین کے اپنائے جانے کے 75 سال مکمل ہونے کا ذکر بھی کیا۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر میں ریل منصوبے کی تکمیل کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔