بھوپال: مدھیہ پردیش کے پنّا میں واقع جے کے سیمنٹ فیکٹری میں جمعرات کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ سلیب گرنے کی وجہ سے دو مزدور جاں بحق جبکہ بڑی تعداد میں مزدور زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ سمرنیا تھانہ کے علاقے کے گاؤں پگرا میں واقع سیمنٹ فیکٹری میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت مزدور روزمرہ کے مطابق اپنے کام میں مصروف تھے جب اچانک پلانٹ کے زیر تعمیر حصے کی چھت کا سلیب زمین پر آ گرا۔
ذرائع کے مطابق، حادثے کے فوری بعد وہاں موجود افراد نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال بھیجا گیا۔ فیکٹری حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق سلیب گرنے کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس واقعے کے بعد انتظامیہ کو بھی مطلع کیا گیا اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا۔ فیکٹری کے اندر فی الحال کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پنا کا جے کے سیمنٹ پلانٹ، بندیل کھنڈ علاقے کا دوسرا بڑا سیمنٹ پلانٹ ہے۔ علاقے کے ایک اور بڑے پلانٹ کا مقام دمہو ضلع کے نر سنگھ گڑھ میں ہے۔ پنا کے سیمنٹ پلانٹ میں بڑی تعداد میں مقامی افراد بطور مزدور کام کرتے ہیں اور حادثے کا شکار ہونے والے بھی اسی علاقے کے رہائشی ہیں۔
فیلڈ رپورٹس کے مطابق، موقع پر امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔