ملک میں ایک بار پھر موسم کا مزاج بدل رہا ہے۔ دہلی سمیت شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شمالی ہند کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 2 ڈگری سے لے کر ساڑھے 6 ڈگری سیلسیس تک چڑھ گئے ہیں۔ حالانکہ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ آنے والے ایک سے دو دنوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ آ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اگلے دو-تین دنوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
‘اسکائی میٹ ویدر’ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک ساتھ دو-دو ویسٹرن ڈسٹربینس کے مغربی ہمالیائی علاقے میں پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ ویسٹرن ڈسٹربینس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پہلا ویسٹرن ڈسٹربینس 29 جنوری سے اور دوسرا یکم فروری سے فعال ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی-یوپی سمیت کئی اور ریاستوں میں موسم کا مزاج بدلے گا۔ محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اس دوران بارش ہو سکتی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے شمالی ہند اور وسطی ہند کی کئی ریاستوں میں ٹھنڈ میں کمی آئی ہے۔
دہلی-این سی آر میں سردی سے لوگوں کو راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج (28 جنوری) بھی موسم خشک رہے گا۔ دن میں دھوپ کھلی رہے گی، جس سے لوگوں کو بہت زیادہ ٹھںڈ کا احساس نہیں ہوگا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی میں ہلکا کہرا بھی دکھائی دے سکتا ہے۔
‘اسکائی میٹ ویدر’ کی ایک رپورٹ کے مطابق آج ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک رہ سکتا ہے۔ 29 جنوری سے مغربی ہمالیائی علاقے میں ہلکی پھلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ 29 جنوری سے سکم، آسام، میگھالیہ اور اروناچل پردیش میں ہلکی بارش کے آثار ہیں۔ 29 اور 30 جنوری سے جنوبی جزیرہ نما کی ریاستیں تمل ناڈو، کیرالہ، جنوبی کرناٹک اور آندھرا پردیش کے کچھ حصوں میں بارش تیز ہو سکتی ہے۔ وہیں ہماچل پردیش، راجستھان اور پنجاب کے کچھ حصوں میں سرد لہر کی حالت بنی رہ سکتی ہے۔ اتر پردیش، اوڈیشہ، بہار اور شمالی مشرقی ہند کے کچھ حصوں میں رات اور صبح کے وقت گھنا کہرا رہنے کا امکان ہے۔