اتر پردیش کے ملکی پور اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کرانے کی تاریخ کا اعلان گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے ذریعہ کر دیا گیا۔ ملکی پور اسمبلی سیٹ پر 5 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 8 فروری کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ اس درمیان کانگریس نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ملکی پور ضمنی انتخاب سے خود کو دور کر لیا ہے۔ اتر پردیش کانگریس صدر اجئے رائے نے اعلان کیا کہ پارٹی ملکی پور ضمنی انتخاب میں اپنا امیدوار نہیں اتارے گی۔
اجئے رائے نے ملکی پور ضمنی انتخاب کے تعلق سے کہا کہ جو بھی ضمنی انتخابات ہوئے ہیں وہ ہم نے نہیں لڑے۔ ہم نے 9 ضمنی انتخابات نہیں لڑے اور ملکی پور ضمنی انتخاب بھی نہیں لڑیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور 2027 میں ہونے والے یوپی اسمبلی انتخاب کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اجئے رائے نے ملکی پور ضمنی انتخاب کے تعلق سے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ اس سیٹ پر سماجوادی پارٹی کے امیدوار کی حمایت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم انتخاب نہیں لڑ رہے ہیں تو یہ فطری ہے کہ جو لڑے گا ہم اس کا تعاون کریں گے۔‘‘ اجئے رائے نے بہوجن سماج پارٹی کی چیف مایاوتی کے تعلق سے کہا کہ ’’مایاوتی تنہا لڑ رہی ہیں اور تنہا ہی رہ جائیں گی، ان کو دوسرا کوئی نہیں ملنے والا۔‘‘
کانگریس کے ذریعہ 2027 میں ہونے والے یوپی اسمبلی انتخاب کی تیاریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اجئے رائے نے کہا کہ ’’تنظیم کو مضبوط کرنے کا کام لگاتار جاری ہے۔ ہمارے انچارج، 4 ریاستوں کے سابق صدور سب بیٹھ کر اس پر کام کر رہے ہیں۔ ہمیں سب کا تعاون مل رہا ہے اور سبھی لوگ تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘
بہرحال، ملکی پور سیٹ پر ضمنی انتخاب کے اعلان کے بعد سماجوادی پارٹی اور بی جے پی دونوں کے درمیان زور آزمائش شروع ہو گئی ہے۔ بی جے پی ایودھیا ضلع میں آنے والی اس سیٹ پر جیت حاصل کر ایودھیا مین اپنی ساکھ کو جمائے رکھنا چاہتی ہے، حالانکہ اکھلیش یادو کی گرفت اس سیٹ پر مضبوط مانی جا رہی ہے۔ 1991 سے اب تک بی جے پی اس سیٹ پر محض 2 مرتبہ ہی کامیابی حاصل کر پائی ہے۔ سماجوادی پارٹی نے فیض آباد سیٹ سے رکن پارلیمنٹ اودھیش پرساد کے بیٹے اجیت پرساد کو ملکی پور سیٹ کے لیے امیدوار بنایا ہے، جبکہ بی جے پی نے اب تک امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔