رائے پور: چھتیس گڑھ کے بالود ضلع میں ایک شدید سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں 6 افراد کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ گزشتہ روز یعنی اتوار کی شب ڈونڈی تھانے علاقے کے بھانو پرتاب پور اور ڈلی راجہرا کے درمیان چوراپاوڑ کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے زخمیوں کو کار سے نکالنے میں مدد فراہم کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، ایک ٹرک نے ایس یو وی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایس یو وی کے پرخچے اُڑ گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ، ایک مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔ حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو ڈونڈی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد انہیں راجناندگاؤں کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی حالت نازک ہے اور ان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایس پی بالود کے مطابق، حادثے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، اور اس کی تلاش جاری ہے۔ حکام نے متاثرہ افراد کے علاج کی نگرانی شروع کر دی ہے، اور اسپتال میں داخل ہونے والے تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ اب تک حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور مقامی پولیس اس معاملے کی مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔