ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں رہنے والی آرتی نے دنیا کے لیے ایک مثال قائم کر دی ہے۔ آرتی ایک ای رکشہ ڈرائیور ہیں، جنہیں لندن کے پرنس ٹرسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ آرتی اپنے ای رکشہ میں اتر پردیش سے بکنگھم پیلس پہنچی، جہاں انہیں ایک تقریب کے دوران کنگ چارلس سوم سے ملنے کا موقع بھی ملا۔ آرتی کو امل کلونی ویمنز ایمپاورمنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
امل کلونی خواتین کو بااختیار بنانے کا ایوارڈ دنیا بھر میں عظیم کام کرنے والی خواتین کو سراہنے کے لیے دیا جاتا ہے۔ آرتی کو بھی ان کی زندگی کی متاثر کن کہانی کی وجہ سے یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ آرتی اتر پردیش کے بہرائچ ضلع کی رہنے والی ہیں اور پنک ای رکشہ ڈرائیور ہیں۔ پنک آٹو رکشہ حکومت ہند کی جانب سے صرف خواتین کے لئے چلایا جاتا ہے۔
اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی آرتی بدھ 22 مئی کو اپنے پنک الیکٹرک آٹو رکشہ میں بکنگھم پیلس پہنچیں۔ آرتی کی ایک بیٹی ہے اور بھرا پورا خاندان ہے۔ آرتی نے اپنے ضلع کی خواتین کی مدد کے لیے ای رکشہ چلانا شروع کیا تھا۔ ان کے ضلع میں خواتین کو آنے جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ آرتی کی رکشہ چلانے سے ان خواتین کے مسائل حل ہو گئے۔ آرتی نے بتایا کہ انہیں یہ کام کر کے بہت خوشی ملتی ہے۔
پرنس ٹرسٹ انٹرنیشنل جو کہ اب کنگ ٹرسٹ انٹرنیشنل بن چکا ہے، اسے کنگ چارلس نے اس وقت شروع کیا تھا جب وہ پرنس آف ویلز تھے۔ یہ ٹرسٹ دنیا کے نوجوانوں کی مدد کے لیے کام کرتا ہے۔ آرتی بھی ایسے لوگوں میں شامل ہیں، جن کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ایوارڈ کی تقریب کے دوران آرتی اپنی پانچ سالہ بیٹی کے ساتھ گئی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ میں ان خواتین کو متاثر کر رہی ہوں جو اپنی زندگی میں ایسے ہی حالات سے گزر رہی ہیں۔ اس نئی آزادی نے مجھے دنیا کو دیکھنے کے لیے ایک مختلف تناظر دیا ہے۔ اب میں نہ صرف اپنے خواب بلکہ اپنی بیٹی کے خواب بھی پورے کر سکتی ہوں۔
رپورٹ کے مطابق، آرتی آغا خان فاؤنڈیشن سے بھی وابستہ ہیں۔ انہیں 2 اکتوبر 2023 کو پنک ای رکشہ اسکیم کے تحت ضلع انتظامیہ نے ای رکشہ دیا تھا۔ برطانیہ میں رائل ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ اس ایوارڈ کے لیے آرتی کا نام بھی بھیجا گیا تھا اور ان کا انتخاب کر لیا گیا۔ آرتی کے لندن آنے اور جانے کے لیے ٹرسٹ نے تعاون کیا۔