نئی دہلی: کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے وزیر اعظم نریندر مودی کے قابل اعتراض بیان پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اب تھک چکے ہیں اور بیمار ہیں، انہیں علاج کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کانگریس پارٹی کے لئے جس طرح کے الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا، ’’ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم مودی کی زبان پھسلی ہے یا پھر کیا کہیں سمجھ نہیں آتا، کہ کیا کہیں! شاید ان کی عادت دھوپ میں جاکر تشہیر کرنے کی نہیں ہے۔ راہل گاندھی کی تو یہ عادت ہے وہ 4 ہزار کلومیٹر پیدل چل چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی شاید تشہیر سے تھکان بڑھ گئی ہے۔ ’مجرا کرے گی کانگریس پارٹی‘، اس طرح کے بیان وزیر اعظم کے عہدے پر بیٹھے شخص کو زیب نہیں دیتے۔
انہوں نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ پی ایم مودی کو اب آرام کی ضرورت ہے۔ میں امت شاہ اور جے پی نڈا دونوں سے گزارش کرتا ہوں کہ اگر وہ آپ کی تھوڑی سی بھی بات سنتے ہیں تو فوراً ان کا علاج کروائیں، انہیں علاج کی ضرورت ہے۔ نریندر مودی اب تھکے ہوئے اور بیمار ہیں۔‘‘
دراصل، بہار کے پاٹلی پتر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا، ’’مودی کے لیے آئین سب سے اہم ہے۔ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انڈیا اتحاد اپنے ووٹ بینک کے لیے غلامی کرتا ہے یا ‘مجرا’۔ میں ایس سی، ایس ٹی، او بی سی ریزرویشن کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں!‘‘