
قومی راجدھانی دہلی کے بھارت منڈپم میں اسٹارٹ اپ انڈیا مشن کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ آج ہم اسٹارٹ اپ انڈیا کے 10 سال مکمل ہونے کا سنگِ میل منا رہے ہیں۔ یہ 10 سالہ سفر محض ایک سرکاری اسکیم کی کامیابی کی کہانی نہیں بلکہ آپ جیسے لاکھوں نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل کا سفر ہے۔
نوجوانوں کی ہمت اور جدت کی ستائش
وزیراعظم نے اسٹارٹ اپ انڈیا مشن میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے نوجوان انووینٹرز، جنہوں نے نئے خواب دیکھنے کی ہمت دکھائی، میں ان سب کی دل سے ستائش کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ذرا یاد کیجیے، 10 سال پہلے حالات کیسے تھے۔ ذاتی کوششوں اور جدت طرازی کے لیے گنجائش نہ کے برابر تھی۔ ہم نے ان حالات کو چیلنج کیا، اسٹارٹ اپ انڈیا لانچ کیا اور نوجوانوں کو کھلا آسمان دیا۔ آج اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ صرف 10 سال میں اسٹارٹ اپ انڈیا ایک انقلاب بن چکا ہے۔‘‘
500 سے بڑھ کر 2 لاکھ سے زائد اسٹارٹ اپ
وزیراعظم مودی نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’10 سال پہلے ملک میں 500 سے بھی کم اسٹارٹ اپ تھے، آج یہ تعداد بڑھ کر 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ 2014 میں بھارت میں صرف 4 یونیکورن کمپنیاں تھیں، جبکہ آج تقریباً 125 فعال یونیکورن موجود ہیں۔ دنیا بھارت کی اس کامیابی کی کہانی کو حیرت سے دیکھ رہی ہے۔ آنے والے وقت میں بھارت کی کامیابیوں کی بات ہوگی تو یہاں بیٹھے کئی نوجوان خود ایک روشن مثال بنیں گے۔‘‘
اسٹارٹ اپس میں خواتین کی مضبوط شراکت
وزیراعظم نے اسٹارٹ اپ شعبے میں خواتین کی بڑھتی شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارت کے 45 فیصد سے زائد منظور شدہ اسٹارٹ اپس میں کم از کم ایک خاتون ڈائریکٹر یا شراکت دار موجود ہے۔ خواتین کی قیادت والے اسٹارٹ اپس کو فنڈنگ فراہم کرنے کے معاملے میں بھارت دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ایکو سسٹم بن چکا ہے۔ یہ شمولیت ملک کی صلاحیت کو کئی گنا بڑھا رہی ہے۔
مینوفیکچرنگ پر توجہ دینے کی اپیل
آخرمیں وزیراعظم مودی نے اسٹارٹ اپ بانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ دہائیوں میں ہم نے ڈیجیٹل اسٹارٹ اپس اور سروس سیکٹر میں شاندار کام کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے اسٹارٹ اپس مینوفیکچرنگ پر زیادہ توجہ دیں۔ ہمیں نئے پروڈکٹس بنانے ہوں گے، دنیا کے بہترین معیار کے پروڈکٹس تیار کرنے ہوں گے اور ٹیکنالوجی میں منفرد آئیڈیاز کے ساتھ قیادت کرنی ہوگی۔ مستقبل اسی کا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت آپ کی ہر کوشش میں آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘







