ترنمول کانگریس کے خلاف اشتہار معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ نے بھی بی جے پی کو جھٹکا دے دیا ہے۔ دراصل عدالت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی میں ترنمول کانگریس اور اس کے کارکنان کے خلاف اشتہار جاری کرنے سے روکنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج دینے والی بی جے پی کی عرضی پر سماعت کرنے سے منع کر دیا ہے۔
اس معاملے میں عدالت عظمیٰ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اشتہار بے عزت کرنے والے ہیں۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ سب سے اچھے ہیں، لیکن دوسروں کے بارے میں اس طرح کی غلط باتیں نہیں کر سکتے ہیں۔ ہم آپ کو اس طرح کی دشمنی بڑھانے کی چھوٹ نہیں دے سکتے۔ یہ کہتے ہوئے سپریم کورٹ نے بی جے پی کی عرضی کو خارج کر دیا۔