دہلی پولیس نے بدھ (22 مئی) کودہلیکے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو دھمکی آمیز پیغامات لکھنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا نام انکت گویل بتایا جا رہا ہے۔ اس نے دہلی میٹرو میں وزیر اعلیٰ کیجریوال کے لیے دھمکی آمیز پیغامات لکھے تھے۔ دہلی پولیس نے میٹرو اسٹیشن پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے اسے گرفتار کیا ہے۔ ملزم بریلی کا رہنے والا بتایا جاتا ہے اوروہ ایک بینک میں ملازم ہے۔
پولیس کے مطابق میٹرو اسٹیشن پرلگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ملزم دھمکی آمیز پیغام لکھتے ہوئے قید ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی شناخت کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ وہ ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، البتہ وہ کیجریوال کا حامی ہے اور عآپ کی کئی ریلیوں میں شرکت کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ 19 مئی کو پٹیل نگر اور راجیو چوک میٹرو اسٹیشنوں پر کیجریوال کے بارے میں انگریزی میں ایک پیغام لکھا گیا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے پریس کانفرنس کر کے اس معاملے میں بی جے پی اور پی ایم او پر الزام لگایا تھا۔ دہلی پولیس کی میٹرو یونٹ نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کی تھی ۔ اس دھمکی آمیز پیغام لکھنے کے بعد عآپ نے دعویٰ کیا تھا کہ بی جے پی وزیر اعلی اروند کیجریوال کو مارنے کی سازش کر رہی ہے۔ عآپ لیڈر آتشی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دہلی کی تمام 7 سیٹوں پر بی جے پی ہار رہی ہے، جس کی وجہ سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ اس لیے وہ مختلف طریقوں سے سازش کر کے کجریوال کو نشانہ بنا رہی ہے۔