سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایٹہ میں ’آئین بچاؤ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آج بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتوں پر جم کر حملہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بی جے پی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کی سب سے خطرناک ’پریوار‘ (کنبہ) ہے۔ لوگوں کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے یہ اب کہہ رہی ہے کہ ریزرویشن ختم نہیں ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ جب حکومت کی بڑی کمپنیاں فروخت ہو جائیں گی تو کیا ان میں ریزرویشن ہوگا؟
اکھلیش یادو ایٹہ سے ایس پی امیدوار دیویش شاکیہ کی حمایت میں ’آئین بچاؤ‘ ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئین بچے گا تو ہی جمہوریت بچے گی اور جمہوریت بچے گی تو ہی ووٹ دینے کا حق بچے گا۔ انہوں نے نوجوانوں سے وعدہ کیا کہ اس بی جے پی حکومت نے جو اگنی ویر اسکیم لائی ہے، انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے بعد اس کو ختم کر دیا جائے گا۔
سماجوادی پارٹی چیف نے کہا کہ بی جے پی نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کا سب سے خطرناک ’پریوار‘ (کنبہ) ہے۔ اس کے ساتھ ایک سب سے خطرناک خاندان (آر ایس ایس) ہے جو ریزرویشن ختم کرنا چاہتا تھا۔ اب ان کو ووٹ چاہئے تو کہہ رہے ہیں کہ ریزرویشن ختم نہیں ہوگا۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر حکومت کی بڑی کمپنیاں فروخت ہو جائیں تو کیا ان میں ریزرویشن ہوگا؟ اکھلیش یادو نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ نوجوان جب امتحان دینے گئے تو پیپر لیک ہو گیا، یہ پہلی حکومت ہے جس کا لیکیج نہیں رک رہا ہے۔ یہ حکومت نوکریاں نہیں دینا چاہتی اس لیے پیپر لیک کرا رہی ہے۔ الیکٹورل بانڈ پر بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ انہوں (بی جے پی) نے اس کمپنی سے چندہ لیا ہے جو کورونا ویکسین بنا رہی تھی۔
اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ مغرب سے جو ہوا چلی ہے اس سے بی جے پی کا صفایا ہوتا جا رہا ہے۔ بتایئے کہ انہوں نے گزشتہ سالوں میں ایٹہ کو کیا دیا؟ اسپتال میں کسی غریب کا علاج نہیں ہو رہا ہے۔ ابھی تک یہ کوئی پاور پلانٹ نہیں لگا سکے۔ ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا ہے اور ان کے پاس جواب نہیں ہے کہ نوکریاں کیوں نہیں دے رہے ہیں۔ ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے دہلی کے وزیر اعلیٰ پر جھوٹا مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا ہے اور لاکھوں ایس پی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرا دیے۔