امروہہ: کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور آج یوپی کے امروہہ میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ دونوں رہنما یہاں پر واقع منی اسٹیڈیم میں دانش علی کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کریں گے۔ راہل اور اکھلیش آج تقریباً 2 بجے امروہہ پہنچیں گے۔ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ نے بھی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ایس پی کے ضلع صدر مست رام یادو نے بتایا کہ قومی صدر اکھلیش یادو اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ہفتہ کی دوپہر 1:40 بجے ڈیڈولی کوتوالی علاقے میں بامبو گڑھ-جویا بائی پاس پر حسین پور گاؤں میں بنائے گئے ہیلی پیڈ پر پہنچیں گے۔ وہاں سے کار کے ذریعے دونوں رہنما دوپہر 2 بجے نگر کوتوالی علاقے میں واقع منی اسٹیڈیم پہنچیں گے اور امیدوار کنور دانش علی کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
اس کے بعد دونوں لیڈر دوپہر 3:20 بجے کار سے جلسہ گاہ کے ہیلی پیڈ پر پہنچیں گے اور 3:30 بجے غازی آباد کے ہنڈن ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران بامبو گڑھ بائی پاس سے روانہ ہونے اور جلسہ گاہ تک پہنچنے سے پہلے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے تک گاڑیوں کی آمدورفت روک دی جائے گی۔
قبل ازیں، راہل گاندھی اور اکھلیش یادو نے یوپی کے ہی غازی آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔ دونوں نے لیڈروں نے بی جے پی اور مودی حکومت پر سخت حملہ بولا تھا۔ اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ انڈیا اتحاد غازی آباد سے غازی پور تک بی جے پی کا صفایا کر دے گا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’مغرب (یوپی) سے لہر چل رہی ہے وہ پورے اتر پردیش اور ملک کے ماحول کو بدلنے جا رہی ہے۔ اس مرتبہ غازی آباد سے لے کر غازی پور تک انڈیا اتحاد بی جے پی کا صفایا کر دے گا۔ آج کسان پریشان ہیں کیونکہ بی جے پی کی ہر بات جھوٹی، ان کے وعدے جھوٹے ہیں۔‘‘
وہیں، غازی آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی کو کرپشن کا چیمپین قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’بی جے پی نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بھتہ خوری کی اور دنیا کا سب سے بڑا گھوٹالہ انجام دیا۔ راہل گاندھی نے سوال کیا کہ اگر الیکٹورل بانڈ صحیح تھا تو سپریم کورٹ نے اسے منسوخ کیوں کر دیا؟ یہ الیکشن نظریات الیکشن ہے۔ ایک جانب بی جے پی اور آر ایس ایس ہے جو جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، دوسری جانب انڈیا اتحاد اور کانگریس ہے جو انہیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘