دہرادون: اتراکھنڈ کے نینی تال ضلع سے پڑوسی ملک نیپال جانے والی ایک گاڑی منگل کی صبح بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت کل 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو مسافر زخمی ہو گئے۔ ڈرائیور کے علاوہ مرنے والے تمام افراد نیپال کے رہائشی ہیں۔
ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منی کانت مشرا نے کہا کہ آج ڈیزاسٹر کنٹرول روم، نینی تال کے ذریعہ ایس ڈی آر ایف ٹیم کو اطلاع دی گئی کہ بیتال گھاٹ کے قریب ایک گاڑی کھائی میں گر گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر رام سنگھ بورا کی قیادت میں ایس ڈی آر ایف کی ٹیم ضروری ریسکیو آلات کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ جہاں اونچا کوٹ سے مہندر نگر، نیپال کی طرف جا رہی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ گاڑی میں کل 10 افراد سوار تھے۔
مشرا نے کہا کہ ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ سے تقریباً 150 میٹر نیچے گہری کھائی میں اتر کر راحت اور بچاؤ آپریشن شروع کیا۔ مقامی لوگوں اور پولیس کے ساتھ مشترکہ ریسکیو آپریشن میں، ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے اس واقعہ میں مرنے والے 8 لوگوں کی لاشیں نکالیں اور 2 دیگر زخمیوں کو باہر نکال کر اسپتال بھیجا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وشرام چودھری (50)، انترم چودھری (40) گوپال بسنیت، (60) ادیرام چودھری، (55) ونود چودھری، (30) تلک چودھری، (45) دھیرج چودھری (45) سبھی مہندر نگر (نیپال) اور ڈرائیور راجندر کمار (باسکوٹ، بیتال گھاٹ، نینی تال اتراکھنڈ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جبکہ چھوٹو چودھری عرف جنل اور شانتی چودھری ولد دھیرج چودھری کو نیپال میں علاج کے لئے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔