مہاراشٹر کے گڈچرولی ضلع میں منگل کو پولیس کے ساتھ تصادم میں چار نکسلی ہلاک ہو گئے۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ان نکسلیوں پر 36 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نیلوتپال نے کہا کہ پولیس کو پیر کی دوپہر کو اطلاع ملی تھی کہ لوک سبھا انتخابات کے لئے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے درمیان تخریبی سرگرمیاں انجام دینے کے مقصد سے کچھ نکسلائیٹس پڑوسی تلنگانہ سے گڈچرولی میں پرانہیتا ندی کو پار کر گئے ہیں۔
گڈچرولی پولیس کے خصوصی جنگی یونٹ ‘سی-60’ کی کئی ٹیمیں اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک ریپڈ ایکشن ٹیم کو علاقے کی تلاش کے لیے بھیجا گیا تھا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ منگل کی صبح جب ‘سی-60’ یونٹ کی ایک ٹیم ریپن پلی کے قریب کولامارکا پہاڑی علاقے میں تلاشی مہم چلا رہی تھی، نکسلیوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ بند ہونے کے بعد علاقے کی تلاشی لی گئی اور چار نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان چار نکسلیوں پر 36 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔افسر نے بتایا کہ ان کے پاس سے ایک اے کے 47 بندوق، ایک کاربائن، دو دیسی ساختہ پستول، نکسلی لٹریچر اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے نکسلیوں کی شناخت ورگیس، ماگتو، کورسانگ راجو اور کودی میتا ونکٹیش کے طور پر کی گئی ہے۔