
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر اور راجیہ سبھا کی رکن سونیا گاندھی نے اپنی آنے والی کتاب ’بی لونگنگ: اے جرنی آف لو‘ سے پہلے راجیو گاندھی کے ساتھ پہلی ملاقات کی دلچسپ کہانی شیئر کی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک ویڈیو میں انہوں نے اپنی زندگی کے ان یادگار لمحات کو یاد کیا، جب راجیو گاندھی ان کی زندگی کا حصہ بنے تھے۔ یہ کتاب 10 نومبر کو شائع ہونے والی ہے۔ سونیا گاندھی نے بتایا کہ ان کی محبت کی کہانی انگلینڈ کے شہر کیمبرج میں واقع ایک چھوٹے سے یونانی ریستوراں سے شروع ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی اور انہوں نے مل کر محبت، خوشیوں اور یادوں سے بھری ایک دنیا بسائی، جس کی جھلک وہ اپنی کتاب کے ذریعے قارئین کے ساتھ شیئر کریں گی۔
انگلینڈ میں ہوئی تھی دونوں کی ملاقات
ویڈیو میں سونیا گاندھی نے اپنے طالب علمی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت انگلینڈ میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ اسی دوران ان کی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی، جو آگے چل کر ان کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ سونیا گاندھی کے مطابق، ان دنوں وہ اپنے پسندیدہ اطالوی کھانے کی تلاش میں تھیں۔ اسی دوران انہیں ایک یونانی ریستوراں کے بارے میں معلوم ہوا۔ یہ جگہ یورپی طلبہ کے ساتھ ساتھ ہندوستانی طلبہ میں بھی کافی مقبول تھی، جہاں بڑی تعداد میں طلبہ کھانے اور وقت گزارنے کے لیے آتے تھے۔
پہلی ملاقات میں ہی محسوس ہوا خاص تعلق
سونیا گاندھی نے بتایا کہ اسی یونانی ریستوراں میں ان کی پہلی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے پہلی بار راجیو کو دیکھا تو انہیں محسوس ہوا کہ وہ ایسے انسان ہیں جن کے ساتھ وہ اپنی پوری زندگی گزار سکتی ہیں۔ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ راجیو گاندھی بھی ان کے بارے میں تقریباً ایسا ہی محسوس کرتے تھے۔ وقت کے ساتھ یہ ابتدائی کشش ایک مضبوط رشتے میں تبدیل ہو گئی۔





