
معروف اداکار پرکاش راج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس آئی آر اسپیشل انٹینسیو ریویژن کے عمل کے بعد بنگلورو انتخابی حلقے کی ووٹر لسٹ سے ان کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ اداکار نے منگل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرکے اس معاملے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ بنگلورو کے ان لاکھوں ووٹروں میں شامل ہیں جن کا ووٹ دینے کا حق ایس آئی آر کے بعد ختم کر دیا گیا ہے۔ویڈیو میں پرکاش راج نے کہا، ’’دوستو، میں آپ کے ساتھ ایک مذاق شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ میں بنگلورو انتخابی حلقے کے ان 65 لاکھ ووٹروں میں سے ایک ہوں جن کا ووٹ دینے کا حق ایس آئی آرکے بعد ختم کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک اچھا مذاق ہے، ہے نا؟‘‘
میرا جنم بھی اسی حلقے میں ہوا
پرکاش راج نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کا جنم اسی انتخابی حلقے میں ہوا اور وہ طویل عرصے سے اسی علاقے میں رہتے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تعلیم، اسکول، کالج اور تھیٹر سے متعلق کام بھی اسی علاقے میں ہوا ہے۔اداکار نے یہ بھی کہا کہ وہ اسی انتخابی حلقے سے لوک سبھا کا انتخاب لڑ چکے ہیں۔ ان کے مطابق، ’’کھیل شروع ہو گیا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ اپنا ووٹر آئی ڈی واپس حاصل کرنے کے لیے مجھے کون سا عمل اختیار کرنا ہوگا۔ میں یہ بھی دیکھوں گا کہ اس کے لیے کون سے دستاویزات پیش کرنے ہوں گے۔‘‘
کیا طاقت سے ہمیں ووٹ دینے سے بھی روک سکتے ہو؟
پرکاش راج نے حکمران طبقے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ اپنی طاقت کا استعمال کرکے ان شہریوں کو ووٹ دینے کے حق سے محروم کر سکتے ہیں جو شاید انہیں ووٹ نہ دیں۔انہوں نے کہا، ’’لیکن میرے دوست، کیا تم اسی طاقت سے ہمیں تمہیں اقتدار سے باہر کرنے کے لیے ووٹ دینے سے روک سکتے ہو؟‘‘ ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا، ’’بس پوچھ رہا ہوں۔ بائے۔‘‘ان کے اس بیان کے بعد ایس آئی آرکے تحت ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کے معاملے پر جاری بحث مزید تیز ہو گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کیا کہنا ہے؟
ایس آئی آرکے عمل کو لے کر اس سے پہلے بھی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ تاہم، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی اور نام حذف کرنے کے عمل میں مقررہ قواعد و ضوابط پر عمل کیا جاتا ہے۔عام طور پر ووٹر لسٹ سے کسی شخص کا نام اس وقت ہٹایا جا سکتا ہے جب ووٹر کی موت ہو چکی ہو، وہ مستقل طور پر کسی دوسرے مقام پر منتقل ہو گیا ہو، اس کا نام ایک سے زیادہ جگہ درج ہو یا بار بار تصدیق کی کوششوں کے باوجود اس کے بارے میں مطلوبہ معلومات حاصل نہ ہو سکیں۔
جھارکھنڈ میں طلبہ پر پولیس کارروائی کی بھی مذمت
ووٹنگ لسٹ کے تنازع کے علاوہ پرکاش راج نے جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں اسمبلی کے قریب احتجاج کرنے والے جے پی ایس سی اور جے ایس ایس سی امیدواروں کے خلاف پولیس کارروائی پر بھی تنقید کی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں احتجاج کرنے والے امیدواروں کے خلاف پولیس کی کارروائی دکھائی گئی تھی۔ پرکاش راج نے اس کارروائی پر سوال اٹھاتے ہوئے مظاہرین کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کی۔ ان کے تازہ بیان سے ووٹر لسٹ کی نظرثانی اور شہریوں کے حقِ رائے دہی سے متعلق سیاسی بحث کو مزید تقویت ملی ہے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







