
نئی دہلی : او ٹی ٹی کی مقبول ویب سیریز مرزاپور اب بڑے پردے پر آنے کے لیے تیار ہے۔ طویل عرصے سے ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والی اس فرنچائز کی فلم مرزاپور: دی فلم جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس میں اداکارہ شویتا ترپاٹھی ایک بار پھر اپنے مقبول کردار گولو گپتا کے روپ میں نظر آئیں گی۔ فلم کی ریلیز سے قبل شویتا نے اپنے کردار، اس کے سفر اور ناظرین کی بے مثال محبت کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔شویتا ترپاٹھی نے کہا کہ گولو گپتا کا کردار وقت کے ساتھ مسلسل تبدیل ہوتا رہا ہے۔ ابتدا میں وہ ایک معصوم اور اصول پسند لڑکی تھی، لیکن حالات نے اسے ایک مضبوط، بااعتماد اور طاقتور خاتون میں تبدیل کر دیا۔ اس کردار نے درد، انتقام، طاقت اور خواہشات کے مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے اپنی الگ شناخت قائم کی، جس نے اسے ناظرین کے درمیان بے حد مقبول بنا دیا۔اداکارہ نے کہا، “جب تقریباً آٹھ سال پہلے ہم نے مرزاپور کی شوٹنگ شروع کی تھی تو ہم میں سے کسی نے بھی یہ تصور نہیں کیا تھا کہ یہ سفر اتنا طویل اور یادگار ثابت ہوگا۔ ایک فنکار ہمیشہ چاہتا ہے کہ اس کا کام لوگوں تک پہنچے، لیکن بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شو لوگوں کی روزمرہ گفتگو، میمز، جشن اور زبان کا حصہ بن جائے۔ مرزاپور نے یہ مقام حاصل کیا، جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس فرنچائز نے نہ صرف انہیں بلکہ پوری کاسٹ کو ایسی شناخت دی، جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ ان کے مطابق ناظرین نے صرف کہانی کو ہی پسند نہیں کیا بلکہ ہر کردار کے ساتھ جذباتی تعلق بھی قائم کر لیا۔ شویتا نے بتایا کہ آج بھی بہت سے لوگ انہیں ان کے اصل نام سے کم اور “گولو دیدی” کے نام سے زیادہ جانتے ہیں، جو ان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔
مرزاپور: دی فلم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک کامیاب ویب سیریز کو سینما تک لانے کی کوشش نہیں، بلکہ ان لاکھوں مداحوں کی محبت کا نتیجہ ہے جنہوں نے برسوں تک اس کہانی اور کرداروں کو اپنا سمجھا۔ ہر سیزن کے بعد شائقین نئی کہانی، نئے موڑ اور کرداروں کے مستقبل پر گفتگو کرتے رہے، یہی وجہ ہے کہ یہ فلم جتنی فنکاروں کی ہے، اتنی ہی ناظرین کی بھی ہے۔اپنے کردار کے سفر پر بات کرتے ہوئے شویتا نے کہا کہ گولو گپتا کو ادا کرنا ان کے لیے جذباتی طور پر انتہائی خاص تجربہ رہا۔ انہوں نے کئی برسوں تک اس کردار کی ہر تبدیلی کو محسوس کیا اور اس کے ساتھ جئیں۔ ان کے مطابق ایک ایسی نوجوان لڑکی، جو صرف صحیح اور غلط کے اصولوں پر یقین رکھتی تھی، وقت کے ساتھ طاقت، غم، انتقام اور بلند حوصلوں کے درمیان خود کو سنبھالنے والی شخصیت بن گئی۔شویتا ترپاٹھی کا کہنا تھا کہ کسی کردار کا لوگوں کی زندگیوں کا حصہ بن جانا ہر فنکار کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گولو گپتا ہمیشہ ان کے کیریئر کے سب سے یادگار اور خاص کرداروں میں شمار کیا جائے گا اور مرزاپور: دی فلم کے ذریعے ایک بار پھر اس کردار کو پردۂ سیمیں پر زندہ کرنا ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔







