
نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے مغربی بنگال کے انتہائی حساس سلی گڑی کوریڈور، جسے ’چکن نیک‘ بھی کہا جاتا ہے، کے دورے کو قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش سے متصل اس اسٹریٹجک علاقے میں امت شاہ نے سلی گڑی کے جوماگاچھ بارڈر آؤٹ پوسٹ (بی او پی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بی ایس ایف اہلکاروں کے ساتھ بھارت-بنگلہ دیش سرحد کا دوربین کے ذریعے معائنہ کیا اور جدید ہتھیاروں و نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب سلی گڑی کوریڈور کو ملک کے شمال مشرقی ریاستوں سے زمینی رابطے کی واحد اہم راہداری سمجھا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق مغربی بنگال حکومت نے بی ایس ایف کو نو اضلاع میں 1024 ایکڑ سے زائد اراضی منتقل کر دی ہے، جس کے بعد بھارت-بنگلہ دیش سرحد پر 172.6 کلومیٹر طویل جدید باڑ بندی کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دراندازی، غیر قانونی نقل مکانی اور سرحد پار اسمگلنگ پر مؤثر روک لگانا ہے۔
دورے کے دوران امت شاہ نے سرحد پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر کھانا کھایا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف ملک کی خودمختاری اور وقار کی مضبوط ڈھال ہے، جب کہ سرحدی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر داخلہ امت شاہ نے اس موقع پر سرحدی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 77.06 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ ان منصوبوں کے تحت جدید تھرمل کیمرے، نگرانی کے آلات اور نئے سرویلنس سسٹمز نصب کیے جائیں گے تاکہ سرحد کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر داخلہ امت شاہ کے دورے میں نئے فوجداری قوانین کے نفاذ، سرحدی انتظام، امن و امان اور مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اعلیٰ حکام کو ہدایت دی گئی کہ غیر قانونی دراندازی، تجاوزات اور ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔سرکاری حلقوں کے مطابق اس دورے سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ سلی گڑی کوریڈور، جو شمال مشرقی بھارت کی شہ رگ سمجھا جاتا ہے، کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سرحدی خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







