
نوئیڈا: نوئیڈا کے تھانہ فیز-3 علاقے کے مامورا گاؤں میں بدھ کے روز پیش آنے والے ایک ہولناک آتشزدگی کے واقعے نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ گلی نمبر 2 میں واقع جی-4 عمارت کے نچلے حصے میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی منٹوں میں خوفناک شکل اختیار کر لی۔
بیٹری میں چنگاری سے بھڑکی آگ
آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ عمارت میں رہنے والے افراد اندر ہی پھنس گئے اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے نچلے حصے میں ایک الکٹرک گاڑی کی بیٹری چارج ہو رہی تھی۔ اسی دوران بیٹری میں چنگاری پیدا ہوئی، جس کے بعد قریب کھڑی پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔
چند ہی لمحوں میں آگ نے پورے نچلے حصے کو اپنی زد میں لے لیا اور گھنا دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، عمارت میں ایک رہائشی مہمان خانہ بھی چل رہا تھا، جس کی وجہ سے وہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر ڈپارٹمنٹ نے سات فائر ٹینڈرز ، ایک ہائیڈرولک پلیٹ فارم اور چیف فائر آفیسر کی قیادت میں راحت اور بچاؤ کا آپریشن شروع کیا۔
50 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا، دو کی موت
فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا اور عمارت میں پھنسے تقریباً 50 افراد اور خاندانوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ تاہم اس افسوسناک حادثے میں دو افراد کی جان نہ بچائی جا سکی۔ دھوئیں اور آگ کی زد میں آنے سے ایک خاتون اور ایک مرد کی حالت انتہائی تشویشناک ہو گئی۔ دونوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج
موقع پر پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ساتھ موجود رہے اور مسلسل راحتی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔ پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی جانچ کی بنیاد پر تھانہ فیز-3 پولیس نے عمارت کے مالک اور لیز ہولڈر کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







