
کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو ایک اور بڑا سیاسی جھٹکا دیتے ہوئے سابق وزیر اور ترنمول کانگریس (اے آئی ٹی سی) کے سینئر رہنما مدن مترا نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور رتبرتا بنرجی کی قیادت والے باغی ترنمول کانگریس گروپ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ شمالی 24 پرگنہ کے کمرہاٹی اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی مدن مترا نے کہا کہ انہوں نے ابھیشیک بنرجی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ چھ ماہ یا ایک سال کے لیے پارٹی کی قیادت سے الگ ہو جائیں تاکہ تنظیم کو دوبارہ مضبوط کیا جا سکے، لیکن انہوں نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ مدن مترا کے مطابق ’’میں نے کہا تھا کہ پہلے پارٹی کو سنبھال لیتے ہیں، پھر آپ واپس آ کر اپنی ذمہ داری سنبھال لیجیے، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ آج پارٹی ڈوب رہی ہے، لوگ جانیں گنوا رہے ہیں، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سب کی قربانی قبول ہے بس ابھیشیک کو بچانا ضروری ہے۔‘‘
’پارٹی صرف ایک شخص تک محدود ہو کر رہ گئی ہے‘
ممتا بنرجی کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے مدن مترا نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔ ان کے مطابق پارٹی سب کی ہے، مگر اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اسے صرف ابھیشیک بنرجی کے مفادات تک محدود کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ممتا بنرجی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ’’میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اسے ایک میراتھن دوڑ سمجھیں۔ راستے میں ہماری دوبارہ ملاقات ہوگی، پھر دیکھا جائے گا کہ کون آگے نکلتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اگرچہ وہ ابھی بھی رکن اسمبلی ہیں، لیکن ترنمول کانگریس سے وابستہ تمام ذمہ داریاں چھوڑ چکے ہیں، اس لیے عملی طور پر وہ اب ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی نہیں رہے۔
حال ہی میں ملی تھی اہم تنظیمی ذمہ داری
چند روز قبل ہی ممتا بنرجی نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود آل انڈیا ترنمول کانگریس کی مغربی بنگال یونٹ کی صدر کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ اسی موقع پر مدن مترا اور کنال گھوش کو ریاستی کمیٹی میں جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ ممتا بنرجی نے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ پارٹی کی چیئرپرسن ہونے کے ناطے وہ اب ریاستی صدر کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گی جبکہ مدن مترا اور کنال گھوش کو جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔
پارٹی میں اندرونی اختلافات گہرے
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ترنمول کانگریس اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔ رتبرتا بنرجی کی قیادت والے باغی گروپ کی جانب سے پارٹی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کیے جانے کے دعوے کے بعد تنظیمی بحران مزید گہرا ہو گیا ہے۔ ادھر ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھی شدید سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پارٹی کے اندر اختلافات مزید نمایاں ہو گئے ہیں۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







