
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد یعنی این ڈی اے نے جھارکھنڈ میں بھی انڈیا الائنس کے قلعہ میں سیندھ لگا دی ہے۔ دوسیٹوں کے راجیہ سبھا الیکشن میں ووٹنگ کے بعد آئے نتائج میں آزاد امیدوارپریمل ناتھوانی جیت گئے ہیں۔ انہیں بی جے پی نے اپنی حمایت دی تھی۔ اس الیکشن میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے بیدھ ناتھ رام اور کانگریس نے پرنب جھا کومیدان میں اتارا تھا۔ جے ایم ایم کے بیدھ ناتھ رام الیکشن جیت گئے ہیں۔ حالانکہ کانگریس کے پرنب جھا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا
اس الیکشن میں پریمل ناتھوانی کو 28 ووٹ ملے۔ وہیں کانگریس امیدوار پرنب جھا کو 20 اور جے ایم ایم امیدوارکو 30 ووٹ ملے۔ ساتھ ہی 3 ووٹ غیرقانونی پائے گئے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق راجیہ سبھا الیکشن کے اس نتیجے کا اثرجھارکھنڈ حکومت کے استحکام پربھی پڑسکتا ہے۔
4 اراکین اسمبلی نے کی کراس ووٹنگ
واضح رہے کہ 81 اراکین والی جھارکھنڈ اسمبلی میں راجیہ سبھا الیکشن کے لئے ایک رکن کو 28 ووٹوں کی ضرورت تھی۔ این ڈی اے کے پاس 24 ووٹ تھے۔ حالانکہ پریمل ناتھوانی کی جیت سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ کم ازکم 4 اراکین اسمبلی نے کراس ووٹنگ کی ہے۔ اسمبلی میں جے ایم ایم کے 34، کانگریس کے 16، آرجے ڈی کے 4، سی پی آئی ایم ایل کے 2، بی جے پی کے 21، اے جے ایس یو کے ایک رکن اسمبلی ہیں۔
پریمل ناتھوانی کی جیت پر بی جے پی لیڈران کا ردعمل
پریمل ناتھوانی کی جیت کے بعد انہیں بی جے پی کے لیڈران نے مبارکباد دی۔ گوڈا سے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے لکھا کہ جھارکھنڈ سے راجیہ سبھا کے الیکشن میں این ڈی اے حامی امیدوار پریمل ناتھوانی کو جیت کی مبارکباد۔ انہیں کل 28 ووٹ ملے۔ کانگریس امیدوارکو صرف 20 ووٹ ملے۔ عظیم اتحاد بری طرح سے ہارگیا۔ وہیں سیتا سورین نے لکھا کہ جھارکھنڈ سے راجیہ سبھا کے الیکشن میں این ڈی اے حامی امیدوار پریمل ناتھوانی کو جیت کی مبارکباد۔ سابق وزیراعلیٰ چمپئی سورین نے بھی پریمل ناتھوانی کو جیت کی مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ جھارکھنڈ سے راجیہ سبھا کے الیکشن میں این ڈی اے حامی امیدوار پریمل ناتھوانی کو جیت کی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ مجھے مکمل یقین ہے کہ آپ جھارکھنڈ کے عام لوگوں تک مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیمیں پہنچانے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ جے بھاجپا! وجے این ڈی اے!۔






