
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے ڈرگز رولز 1945 میں ترمیم کرتے ہوئے کھانسی کے سیرپ سمیت سیرپ کی شکل میں دستیاب ادویات کی ڈاکٹر کی پرچی کے بغیر فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت نے یہ فیصلہ شیڈول کے کے تحت مستثنیٰ ادویات کی فہرست سے ’سیرپ‘ کا لفظ حذف کرنے کے بعد کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایسی ادویات پر ضابطہ جاتی نگرانی مزید سخت ہو گئی ہے۔
ضابطوں میں اہم ترمیم
یہ تبدیلی ڈرگز (پانچواں ترمیمی) رولز 2026 کے تحت نوٹیفائی کی گئی ہے، جس کا مقصد سیرپ کی شکل میں دستیاب ادویات کی تیاری، فروخت اور تقسیم پر بہتر نگرانی اور کنٹرول کو یقینی بنانا ہے۔ ڈرگز رولز 1945 کے شیڈول کے میں ان ادویات کی مختلف اقسام شامل تھیں جنہیں مخصوص شرائط کے تحت تیاری، فروخت اور تقسیم سے متعلق بعض قانونی ضوابط سے استثنا حاصل تھا۔ یہ رعایت بنیادی طور پر عوام کو بعض خاص حالات میں ادویات کی آسان فراہمی کے لیے دی گئی تھی۔
دیہی علاقوں میں فروخت کے ضابطے سخت
ترمیم سے قبل یہ انتظام موجود تھا کہ ایک ہزار سے کم آبادی والے گاؤں میں کھانسی کے سیرپ بعض خوردہ فروخت کے لائسنس سے متعلق قواعد کی پابندی کے بغیر فروخت کیا جا سکتا تھا، لیکن نئی ترمیم کے بعد یہ رعایت ختم کر دی گئی ہے۔ اب ایسے گاؤں میں کھانسی کے سیرپ کی فروخت اور تقسیم صرف باقاعدہ لائسنس یافتہ دواخانوں کے ذریعے ہی کی جا سکے گی۔ اس کے لیے ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940 اور ڈرگز رولز 1945 کی تمام متعلقہ دفعات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
عوامی صحت اور حفاظت پر زور
صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق یہ ترمیم سیرپ کی شکل میں دستیاب ادویات پر ضابطہ جاتی نگرانی کو مضبوط بنانے اور موجودہ عوامی صحت و سلامتی کے تقاضوں کے مطابق قوانین کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کھانسی کے سیرپ کی ذمہ دارانہ فروخت اور تقسیم کو فروغ ملے گا اور ملک بھر میں ضابطہ جاتی معیارات پر بہتر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے گا۔
کمپنیوں اور فروخت کنندگان کے لیے ہدایت
وزارت نے کھانسی کے سیرپ تیار کرنے والی کمپنیوں، تقسیم کاروں اور فروخت کنندگان کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ اور ڈرگز رولز کے تحت نافذ تمام لائسنسنگ اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی سختی سے پابندی کریں۔
اب پرچی دکھانا لازمی ہوگا
اس نئی تبدیلی کے بعد صارفین کو ایسی ادویات خریدنے کے لیے رجسٹرڈ طبی ماہر کی جانب سے جاری کردہ معتبر پرچی پیش کرنا ہوگا۔ دوسرے الفاظ میں، اب کھانسی کے سیرپ خریدنے کے لیے ڈاکٹر کی پرچی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







