
نئی دہلی کے مالویہ نگر میں پیش آئے ہولناک آتشزدگی کے معاملے میں گرفتار ہوٹل مالک لوکیش بجاج کی پولیس ریمانڈ میں ساکیت عدالت نے مزید دو دن کی توسیع کر دی ہے۔ چار روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں پولیس نے مزید پوچھ گچھ کے لیے ریمانڈ بڑھانے کی درخواست کی۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں گرفتار ایک اور ملزم جے مشرا اور لوکیش بجاج کو آمنے سامنے بٹھا کر تفتیش کرنا ضروری ہے، تاکہ واقعے سے متعلق اہم حقائق سامنے آ سکیں۔ اس بنیاد پر عدالت نے لوکیش بجاج کی پولیس ریمانڈ میں مزید دو دن کا اضافہ کر دیا۔ عدالت نے جے مشرا کو بھی دو روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔جے مشرا نے چند روز قبل عدالت میں خودسپردگی کی تھی، جس کے بعد پولیس کی درخواست پر اسے دو دن کی ریمانڈ پر بھیجا گیا تھا۔ ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جے مشرا ہوٹل مالک لوکیش بجاج کا قریبی ساتھی اور اکاؤنٹنٹ تھا۔اس سے قبل اسی معاملے میں گرفتار ایک اور ملزم کیشو نیگی کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست بھی عدالت مسترد کر چکی ہے۔
انتظامیہ سے لاتعلقی کا دعویٰ
پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش لوکیش بجاج نے دعویٰ کیا کہ وہ ہوٹل کے روزمرہ انتظامی معاملات براہِ راست نہیں دیکھتے تھے۔ ان کے مطابق عمارت، اکاؤنٹس اور دیگر انتظامی امور ایک دوسرے شخص کے سپرد تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہوٹل میں کمروں کے سائز میں اضافہ اور دیگر ساختی تبدیلیوں کی تجویز بھی اسی شخص نے دی تھی۔
لوکیش بجاج نے مبینہ طور پر پولیس کو یہ بھی بتایا کہ مذکورہ شخص نے انہیں یقین دلایا تھا کہ “دہلی میں ایسا سب کچھ چلتا رہتا ہے”۔ تفتیش کے دوران انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ہوٹل کے پاس فائر این او سی (No Objection Certificate) موجود نہیں تھی۔
عمارت کے استعمال سے متعلق انکشافات
پولیس پوچھ گچھ میں لوکیش بجاج نے انکشاف کیا کہ تقریباً تین سال قبل انہوں نے یہ عمارت اہلووالیہ نامی فریق سے حاصل کی تھی اور یہاں ہوٹل کے ساتھ گیسٹ ہاؤس بھی چلا رہے تھے۔ ان کے مطابق اس عمارت میں پہلے کھادی کی دکان تھی۔ملزم نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے بی این ایس (بیڈ اینڈ بریک فاسٹ)، سیاحتی، صحت اور ریستوراں سے متعلق ضروری اجازت نامے حاصل کیے تھے، تاہم دہلی پولیس ان دعوؤں کی صداقت کی جانچ کر رہی ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔







