
بارامتی ضمنی الیکشن سے متعلق ریاست میں سیاسی ہلچل تیزہوگئی ہے۔ اس درمیان ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق، نائب وزیراعلیٰ سنیترا پوارنے ادھو ٹھاکرے سے فون پربات کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ این سی پی اجیت پوارکا گروپ اورمہایوتی بارامتی میں ضمنی الیکشن میں بلامقابلہ منتخب کرانے کے حق میں ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ این سی پی (شرد پوارگروپ) سے متعلق بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی اس موضوع پرمساوی نظریہ رکھتا ہے، جس سے سیاسی حالات مزید دلچسپ ہوگئے ہیں۔ وہیں کانگریس کی طرف سے امیدوارکھڑا کیا جاسکتا ہے۔ اب سنیترا پوارکے بلامقابلہ منتخب ہونے سے متعلق تیاریاں کی جارہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے اندرسنیترا پوارکے خلاف امیدوارنہیں اتارنے سے متعلق پوری طرح سے اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔ ذرائع کے مطابق، کانگریس بارامتی سیٹ سے اپنا امیدواراتارنے پرتبادلہ خیال کررہی ہے، جس سے بلامقابلہ الیکشن ہونے کے امکان پرسوال کھڑے ہوگئے ہیں۔ سنیترا پواربارامتی سے 6 اپریل کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے والی ہیں۔
ادھوٹھاکرے کے فیصلے پرنگاہیں مرکوز
کانگریس کے اس فیصلے سے سنیترا پوارکوالیکشن میں انتخابی تشہیرمیں اترنا پڑسکتا ہے۔ ایسے میں اب سب کی نظریں ادھوٹھاکرے کے فیصلے پرمرکوزہیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ ادھوٹھاکرے کا فیصلہ یہ طے کرسکتا ہے کہ بارامتی ضمنی الیکشن میں سنیترا پواربلامقابلہ منتخب ہوجائیں گی یا پھرمقابلہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق، اسی سلسلے میں سنیترا پوارنے ادھوٹھاکرے سے فون پربات کی ہے۔
اجیت پوارکی موت سے خالی ہوئی سیٹ
واضح رہے کہ بارامتی سیٹ سے اجیت پواررکن اسمبلی تھے۔ مہایتی کی حکومت میں وہ نائب وزیراعلیٰ کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے، لیکن 28 جنوری کے بارامتی میں ایک طیارہ حادثے میں ان کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد ان کی اہلیہ سنیترا پوارجو کہ راجیہ سبھا کی رکن تھیں، کومہاراشٹرکا نائب وزیراعلیٰ بنایا گیا۔ سنیترا پوارنے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب وہ بارامتی سے اجیت پوارکی رحلت کے بعد خالی ہوئی سیٹ سے امیدوارہیں۔ اجیت پواراس سیٹ سے 8 باررکن اسمبلی منتخب کئے گئے۔ اس سیٹ پرپوارفیملی کا دبدبہ مانا جاتا رہا ہے۔







