
نئی دہلی: ملک میں ایل پی جی کی فراہمی کو لے کر پھیلنے والی افواہوں پر مرکزی حکومت نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو فوری طور پر صورتحال پر قابو پانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزارت پیٹرولیم نے واضح کیا ہے کہ ملک میں گھریلو گیس کی سپلائی مکمل طور پر کافی ہے اور گھبراہٹ میں خریداری کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے سکریٹری ڈاکٹر نیرج متل نے تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو خط لکھ کر کہا ہے کہ غلط معلومات کے باعث کئی علاقوں میں لوگ غیر ضروری طور پر گیس سلنڈر خرید رہے ہیں، جس سے سپلائی چین پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومتیں فوری طور پر عوام کو درست معلومات فراہم کریں اور افواہوں کو روکنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔
حکومت کے مطابق ابھی تک صرف 17 ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے ہی باقاعدگی سے یا وقفے وقفے سے پریس بریفنگ کر رہے ہیں، جبکہ موجودہ حالات میں روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ وزارت نے ہدایت دی ہے کہ ریاستی حکام میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو مسلسل آگاہ کریں تاکہ گھبراہٹ میں خریداری کو روکا جا سکے اور لوگوں کا اعتماد بحال رہے۔ مرکزی حکومت نے ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر نگرانی کریں اور جہاں کہیں غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاعات ملیں، فوری کارروائی کی جائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب حکومت اس صورتحال کو اصلاحات کے موقع کے طور پر بھی دیکھ رہی ہے۔ حکام کے مطابق ایران سے متعلق عالمی کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی خدشات نے حکومت کو گیس کی مقامی تقسیم کے نظام کو مضبوط بنانے کی طرف توجہ دینے پر مجبور کیا ہے۔ اس کے تحت پائپ لائن گیس کے نیٹ ورک کو تیزی سے بڑھانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ درآمدی ایل پی جی پر انحصار کم کیا جا سکے۔ گزشتہ ماہ حکومت نے نئی گیس پائپ لائنوں کی منظوری کے لیے وقت کی حد مقرر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس حکم کے مطابق اگر متعلقہ حکام مقررہ مدت میں جواب نہ دیں تو منظوری خود بخود تصور کی جائے گی۔ اس کے علاوہ زمین مالکان اور مقامی انتظامیہ کو بھی پائپ لائن کے لیے راستہ فراہم کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کے سکریٹری نیرج متل نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ملک بھر میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں تیزی سے توسیع ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ چیلنج کو موقع میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں گیس کی سپلائی مزید مستحکم بنائی جا سکے۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور ضرورت کے مطابق ہی گیس سلنڈر خریدیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی اور کسی قسم کی قلت کا خدشہ نہیں ہے۔






