
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی توانائی کے منظرنامے میں بھارت ایک فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی توجہ بجلی کے فروغ، صاف توانائی اور مینوفیکچرنگ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مرکزی وزیر مملکت شری پدیسو نائک کے ایک مضمون کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے توانائی شعبے میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کے مطابق بھارت کا توانائی کا سفر عملی پالیسی فیصلوں اور خود انحصاری پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف توانائی کی صلاحیت میں اضافہ، بجلی کے استعمال کو فروغ دینا اور مقامی صنعت کو مضبوط کرنا بھارت کو عالمی توانائی کے شعبے میں ایک نمایاں طاقت بنا رہا ہے۔
مضبوط توانائی نظام اور پائیدار مستقبل کی طرف پیش قدمی
وزیراعظم نریندرمودی نے مزید کہا کہ بجلی کے شعبے، صاف توانائی اور مینوفیکچرنگ پرخصوصی توجہ کے باعث بھارت عالمی توانائی کے نقشے پر ایک نئی کہانی رقم کر رہا ہے۔اس سے قبل انہوں نے مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر کے ایک مضمون کو بھی شیئر کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اسے پڑھیں تاکہ بھارت کی توانائی پالیسیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ منوہر لال کھٹر نے اپنے مضمون میں وضاحت کی ہے کہ بھارت کس طرح ایک مضبوط توانائی ایکوسسٹم تشکیل دے رہا ہے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پائیدار ماحول قائم کررہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے مطابق بھارت کی توانائی پالیسیاں ایک “وکست بھارت” کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی سمت اہم قدم ہیں۔







