
نئی دہلی :اتراکھنڈ میں طویل انتظار کے بعد کابینہ میں توسیع کر دی گئی، جسے نوراتری کے موقع پر عملی شکل دی گئی۔ جمعہ 20 مارچ کو لوک بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں پانچ اراکین اسمبلی کو وزیر بنایا گیا۔ ریاست کے گورنر گرمیت سنگھ نے تمام نئے وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔حلف لینے والوں میں راجپور کے ایم ایل اے کھجن داس، بھرت سنگھ چودھری، مدن کوشک، پردیپ بترا اور رام سنگھ کائرہ شامل ہیں۔ تقریب کا آغاز کھجن داس کے حلف سے ہوا، جس کے بعد بھرت سنگھ چودھری نے سنسکرت میں حلف لے کر تقریب کو خاص رنگ دیا۔ دیگر تینوں اراکین نے بھی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
لاقائی و سیاسی توازن کو مدنظر رکھ کر کیا گیا فیصلہ
یہ کابینہ توسیع کئی لحاظ سے اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ دھامی حکومت میں کافی عرصے سے پانچ وزارتیں خالی تھیں، جنہیں اب پُر کر دیا گیا ہے۔ نئے وزراء کے انتخاب میں علاقائی اور ذات پات کے توازن کے ساتھ ساتھ گزشتہ چار برسوں میں اراکین اسمبلی کی کارکردگی کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے۔سیاسی نقطۂ نظر سے بھی یہ فیصلہ اہم ہے، کیونکہ کافی عرصے سے اس توسیع کے امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ متعدد مشاورت کے بعد حتمی فہرست تیار کی گئی، جس میں حکومت اور تنظیم کے درمیان تال میل کو یقینی بنایا گیا۔نوراتری کے دوسرے دن اس توسیع کا ہونا علامتی اہمیت بھی رکھتا ہے، جسے ایک نئی شروعات اور آئندہ حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں ان نئے وزراء کا کردار حکومت کی کارکردگی اور سیاسی حالات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔







