
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں پیش آئے المناک آتشزدگی کے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس حادثے میں جانوں کے ضیاع پر انہیں شدید دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم کے دفتر کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے فی کس وزیراعظم نیشنل ریلیف فنڈ (PMNRF) سے بطور امداد دیے جائیں گے۔
یہ حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 4 بجے اندور کے برجیشوری اینیکس علاقے میں واقع ایک تین منزلہ رہائشی عمارت میں پیش آیا، جہاں آگ تیزی سے پھیل گئی اور 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر کیلاش وجے ورگیہ نے موقع کا دورہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ واقعے کی مکمل جانچ کے لیے ایک ماہر کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے ایک اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) بھی تیار کیا جائے گا۔
ای وی چارجنگ سے آگ لگنے کا شبہ
وزیر کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر الیکٹرک وہیکل (EV) کے چارجنگ پوائنٹ سے لگی، جو ایک تشویشناک پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی کے بڑھتے استعمال کے ساتھ اس طرح کے خطرات پر سنجیدگی سے غور کرنا ضروری ہے۔ اندور کے پولیس کمشنر سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ: 3 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا جبکہ افسوسناک طور پر 7 افراد کی موت واقع ہوئی۔ یہ واقعہ ایک بار پھر شہری علاقوں میں فائر سیفٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔






