
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے راجیہ سبھا میں ریٹائر ہونے والے اراکین پارلیمنٹ کے اعزازی وداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں کبھی مکمل وقفہ نہیں آتا اور نہ ہی کسی کے کردار کا اختتام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں خدمات کا سلسلہ مختلف شکلوں میں جاری رہتا ہے اور یہی اس کی اصل طاقت ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک ایسا موقع ہوتا ہے جو ہر دو سال بعد ایوان کو جذباتی لمحات میں لے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں روزمرہ کے امور پر بحث ہوتی رہتی ہے، لیکن جب اراکین کی رخصتی کا وقت آتا ہے تو تمام سیاسی اختلافات پس منظر میں چلے جاتے ہیں اور ایک مشترکہ جذبہ ابھر کر سامنے آتا ہے، جو احترام اور قدردانی پر مبنی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اراکین ایوان سے رخصت ہو کر دوبارہ واپس آنے کے ارادے کے ساتھ جاتے ہیں، جبکہ کچھ اپنے تجربات کو سماجی زندگی میں بروئے کار لانے کے لیے نئی ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ جو اراکین واپس نہیں بھی آئیں گے، ان کے لیے بھی سیاست کے دروازے بند نہیں ہوتے، کیونکہ عوامی خدمت کے مواقع ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ سیاست میں کوئی فل اسٹاپ نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکن کا تجربہ اور خدمات قومی زندگی کا حصہ بنتی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے ایوان کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طویل عرصے تک نہایت ذمہ داری اور شائستگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کے نرم لہجے اور متوازن رویے نے ایوان میں سب کا اعتماد حاصل کیا اور کارروائی کو مؤثر انداز میں چلانے میں مدد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ راجیہ سبھا کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہر دو سال بعد ایک نیا گروپ آتا ہے، جبکہ پرانے اراکین اپنے تجربات کے ذریعے نئے اراکین کی رہنمائی کرتے ہیں۔ اس طرح ایوان کی روایت اور وراثت ایک مسلسل عمل کے طور پر آگے بڑھتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ سال تک ایوان میں خدمات انجام دینا نہ صرف پالیسی سازی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ یہ ایک قیمتی تجربہ بھی ہوتا ہے جو کسی بھی رکن کی شخصیت کو نکھارتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب اراکین اپنے خیالات اور صلاحیتوں کے ساتھ ایوان میں آتے ہیں تو وقت کے ساتھ ان کا تجربہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے مختلف اراکین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رام داس اٹھاولے اپنی خوش مزاجی اور ذہانت سے ہمیشہ ایوان میں ایک مثبت ماحول قائم رکھتے ہیں اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنی ان خوبیوں سے عوام کو متاثر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے سینئر لیڈروں ایچ ڈی دیوے گوڑا، ملیکارجن کھڑگے اور شرد پوار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی طویل پارلیمانی خدمات نئے اراکین کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈروں کی زندگی کا بڑا حصہ عوامی خدمت میں گزرا ہے اور ان کے تجربات سے سیکھنا ہر نئے رکن کے لیے ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ جمہوریت میں ہر فرد کا کردار اہم ہوتا ہے اور ایوان کی یہ روایت ہمیشہ جاری رہے گی، جہاں تجربہ، علم اور خدمت کا سفر کبھی ختم نہیں ہوتا بلکہ نئی شکلوں میں آگے بڑھتا رہتا ہے۔







