
مبئی: معروف مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر سونو تیاگی نے بالی ووڈ، میڈیا، اشتہارات، مصنوعی ذہانت اور روحانیت سے جڑی کئی تلخ مگر سچ سے پردہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے پوڈکاسٹ ہوسٹ نہاریکا پانڈے کے شو ’’ہیش براؤن کنورسیشنز‘‘ میں 56 منٹ کی ایک بے لاگ گفتگو کے دوران ان موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ یہ قسط ریلیز ہوتے ہی ناظرین اور سامعین میں خاصی مقبول ہو گئی ہے اور اسے 2026 کی سب سے ایماندار انڈسٹری گفتگو میں شمار کیا جا رہا ہے۔
سونو تیاگی نے گفتگو کا آغاز نہایت دو ٹوک انداز میں کیا اور کہا کہ فلمی دنیا میں کامیابی ہمیشہ صرف صلاحیت اور محنت کا نتیجہ نہیں ہوتی۔ ان کے مطابق اکثر کامیابی کا دارومدار قسمت، صحیح وقت اور مواقع پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی باصلاحیت فنکار برسوں جدوجہد کے باوجود آگے نہیں بڑھ پاتے، جبکہ بعض لوگ محض اتفاق اور درست وقت کی بدولت نمایاں ہو جاتے ہیں۔ ان کا یہ بیان بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کامیابی سے متعلق عام تصورات کو چیلنج کرتا ہے۔ میڈیا اور اشتہارات کے شعبے پر بات کرتے ہوئے سونو تیاگی نے پیڈ نیوز، جھوٹی تشہیر اور سطحی برانڈنگ پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دیانت داری صرف اخلاقی قدر نہیں بلکہ طویل مدتی کامیابی کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق نوجوان نسل شفافیت چاہتی ہے، اس لیے ایجنسیوں اور برانڈز کو حقیقی میڈیا تعلقات اور معتبر شناخت پر توجہ دینی چاہیے۔
مصنوعی ذہانت کے حوالے سے انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے پانچ سے دس برسوں میں اے آئی موسیقی، آواز، کاسٹنگ، اسکرپٹ رائٹنگ اور اشتہاری تخلیق سمیت کئی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ اگرچہ اس سے کچھ ملازمتیں متاثر ہو سکتی ہیں، لیکن انسانی حساسیت اور فیصلہ سازی کی اہمیت برقرار رہے گی۔ گفتگو کا جذباتی مرکز روحانیت رہی۔ سونو تیاگی کے مطابق روحانیت انسان کو متوازن اور انسان دوست بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت اور روحانیت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ یہی نظریہ ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بھی جھلکتا ہے۔
انہوں نے ’’گو اسپریچول‘‘ کے سفر پر بھی روشنی ڈالی، جس کا تصور 2010 میں سامنے آیا اور 2017 میں اسے باضابطہ شکل دی گئی۔ یہ ادارہ عملی بھارتی روحانیت، مثبت صحافت اور اخلاقی طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے۔ مستقبل میں نیوز میگزین، ایپ، ویب ٹی وی اور او ٹی ٹی مواد لانچ کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اس وقت سونو تیاگی روحانی ویب سیریز ’’ٹو گریٹ ماسٹرز‘‘، نوجوانوں پر مبنی فلم ’’لبریشن‘‘ اور طنزیہ کامیڈی ’’کیمپ ڈیسنٹ‘‘ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ سونو تیاگی نفسیات، صحافت، اشتہارات اور فلم میکنگ میں تعلیم یافتہ ہیں اور اب تک چالیس سے زائد فلموں سے وابستہ رہ چکے ہیں۔





