
ھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اس وقت مسلسل خبروں میں ہیں۔ اس کی وجہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار ون ڈے سیریز میں شکست اور اس کے بعد سوشل میڈیا پر بڑھتی تنقید ہے۔ انہی حالات کے بیچ ناگپور میں کھیلے گئے بھارت اور نیوزی لینڈ کے پہلے ٹی20 میچ کے فوراً بعد گوتم گمبھیر کا ایک سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہو گیا، جس نے نئی بحث کو جنم دے دیا۔ناگپور ٹی20 میں سوریا کمار یادو کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر شاندار جیت درج کی۔ لیکن میچ کے بعد جیت سے زیادہ بحث گوتم گمبھیر کی ایکس پوسٹ کو لے کر ہونے لگی۔ دراصل میچ سے قبل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے گوتم گمبھیر سے ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی تھی اور ان کی بھرپور تعریف کی تھی۔
ششی تھرور نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ناگپور میں اپنے پرانے دوست گوتم گمبھیر کے ساتھ کھل کر بات چیت کا موقع ملا۔ ان کے مطابق بھارت میں وزیر اعظم کے بعد شاید سب سے مشکل ذمہ داری انہی کے کندھوں پر ہے، کیونکہ ہر دن لاکھوں لوگ ان کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہیں، اس کے باوجود وہ سکون اور مضبوط ارادے کے ساتھ آگے بڑھتے رہتے ہیں۔ انہوں نے گمبھیر کے عزم اور قیادت کی تعریف کرتے ہوئے آئندہ چیلنجز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ششی تھرور کی تعریف پر ردعمل دیتے ہوئے گوتم گمبھیر نے ان کا شکریہ ادا کیا، لیکن ساتھ ہی ایک ایسا جملہ لکھ دیا، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ گمبھیر نے کہا کہ جب شور شرابا ختم ہوگا تو کوچ کی مبینہ لامحدود طاقت کے بارے میں سچائی اور منطق خود سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس بات پر ہنسی آتی ہے کہ انہیں اپنے ہی لوگوں کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے، جو خود بہترین ہیں۔
گمبھیر کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ردعمل کا سیلاب آ گیا۔ کچھ یوزر نے کہا کہ کوچ کو سوشل میڈیا اور پی آر سے دور رہ کر صرف ٹیم پر توجہ دینی چاہیے، جیسا کہ راہل دراوڑ اور روی شاستری کے دور میں تھا۔ وہیں کئی یوزرنے گمبھیر کے کوچنگ دور کے اعداد و شمار گنواتے ہوئے کہا کہ مسلسل ہوم شکستوں کے بعد سوال اٹھنا فطری ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گوتم گمبھیر کی کوچنگ میں حالیہ عرصے میں ٹیم انڈیا کا گھریلو ریکارڈ کمزور رہا ہے۔ 2024 میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو اس کے گھر میں تین صفر سے ٹیسٹ سیریز میں شکست دی، جو ایک تاریخی ہار تھی۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ نے بھی بھارت کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں ہرایا۔ اب نیوزی لینڈ نے بھارت میں ون ڈے سیریز جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ان مسلسل ناکامیوں کے بعد کرکٹ ماہرین گمبھیر کی حکمت عملی اور فیصلوں پر سوال اٹھا رہے ہیں، حالانکہ ٹی20 میں ملی جیت سے انہیں وقتی راحت ضرور ملی ہے۔ آنے والے میچوں میں ٹیم کی کارکردگی ہی طے کرے گی کہ یہ بحث تھم جاتی ہے یا مزید تیز ہوتی ہیں۔







