
رانچی: رانچی ضلع کے کھلاری تھانہ علاقے کے تحت کے ڈی ایچ کالونی میں جمعہ کی صبح ایک سنکی نوجوان نے ایک لڑکی کو گولی مار دی اور اس کے بعد اپنے گھر پہنچ کر خود کو بھی گولی مار لی۔ نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ شدید طور پر زخمی لڑکی کو بہتر علاج کے لیے رِمس، رانچی ریفر کیا گیا ہے۔
ڈی ایچ کالونی میدان کے پاس کی واردات
یہ واقعہ صبح تقریباً 8:30 بجے کے ڈی ایچ کالونی میدان گیٹ کے قریب پیش آیا۔ مہلوک نوجوان کی شناخت 33 سالہ سنیل کیوٹ عرف چھوٹو کے طور پر کی گئی ہے۔ گولی لگنے سے زخمی ہونے والی لڑکی کی شناخت 29 سالہ پائل کماری کے طور پر ہوئی ہے، جو کے ڈی ایچ واقع ’راج چلڈرن اسکول‘ میں ٹیچر ہے۔ پائل جمعہ کی صبح اپنے گھر سے اسکول جا رہی تھی، اسی دوران نوجوان نے اس پر فائرنگ کر دی۔ گولی لڑکی کی گردن میں لگی، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گئی۔
لڑکی کی حالت بنی ہوئی ہے تشویشناک
واردات کو انجام دینے کے بعد نوجوان کالونی میں واقع اپنے گھر پہنچا اور اپنے سر میں گولی مار لی، جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ادھر مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی لڑکی کو فوری طور پر سی سی ایل سینٹرل اسپتال، ڈَکرا لے جایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے رِمس ریفر کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق لڑکی کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں معاملہ عشق و محبت سے جڑا ہوا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق مہلوک سنیل کیوٹ اصل میں چھتیس گڑھ کے بلاسپور کا رہنے والا تھا اور کھلاری میں اپنے ایک رشتہ دار بھائی کے گھر رہ رہا تھا۔ وہیں زخمی لڑکی کا باپ سی سی ایل (سنٹرل کول فیلڈز لمیٹڈ) کے ملازم ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے سے قبل نوجوان نے ایک ویڈیو ریکارڈ کر کے مقامی سوشل میڈیا گروپ میں پوسٹ کی تھی، جس میں اس نے یہ قدم اٹھانے کی وجوہات کا ذکر کیا ہے۔ اس ویڈیو کو تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی کھلاری تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور جائے واردات سے شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی گہرائی سے جانچ میں مصروف ہے اور تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف اور دہشت کا ماحول قائم ہے۔







