
لکھنؤ: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ریاستی دارالحکومت لکھنؤ کے بسنت کنج یوجنا علاقے میں واقع ’راشٹر پریرنا استھل‘ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے احاطے میں نصب عظیم شخصیات کے مجسموں کا مشاہدہ کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس تقریب میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اسٹیج پر پہنچتے ہی بڑی تعداد میں موجود عوام کا استقبال قبول کیا۔ اس کے بعد ’وندے ماترم‘ گیت پیش کیا گیا۔ پروگرام کے مقام پر پہنچنے کے بعد وزیر اعظم نے بھارت ماتا کے مجسمے پر گل پوشی کی۔ اس کے بعد انہوں نے بی جے پی اور جن سنگھ کے کوریڈور کا معائنہ کیا، جہاں تصاویر کے ذریعے جن سنگھ اور بی جے پی کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔
اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی گیلری کا دورہ کیا۔ اس گیلری میں ڈاکٹر مکھرجی کی زندگی سے وابستہ مختلف تصاویر اور علامتی اشیا رکھی گئی ہیں۔ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں تعمیر شدہ شاندار ’راشٹر پریرنا استھل‘، بھارتی قوم پرستی کی تثلیث کہلانے والے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی، پنڈت دین دیال اُپادھیائے اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے افکار اور ان کے بیش قیمت خدمات کو عوام تک پہنچانے کی ایک منفرد کوشش ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ لکھنؤ کے بسنت کنج میں واقع راشٹر پریرنا استھل کو کنول کے پھول کی شکل میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس استھل میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی، پنڈت دین دیال اُپادھیائے اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے 65 فٹ بلند کانسے کے مجسمے نصب کیے گئے ہیں۔ ان مجسموں کی تخلیق عالمی شہرت یافتہ مجسمہ ساز رام سوتار اور منٹو رام آرٹ کریئیشنز نے کی ہے۔ مجسموں کو فساڈ لائٹنگ اور پروجیکشن میپنگ کے ذریعے آراستہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی احاطے میں قومی ہیروز کے نام سے منسوب ایک میوزیم بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
میوزیم کی انٹرپریٹیشن وال پر بھارتی تحریکِ آزادی اور مجاہدینِ آزادی کے میورل آرٹ کے ذریعے قومیت کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ میوزیم کے صحن میں قومی جذبے کی علامت بھارت ماتا کا مجسمہ نصب ہے۔ قومی لیڈران کے نام سے منسوب گیلریاں ان کی زندگی، نظریات اور جدوجہد کو زندہ انداز میں پیش کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ راشٹر پریرنا استھل کے احاطے میں سنتھیٹک ٹریک، میڈیٹیشن سینٹر، ویپاسنا مرکز، یوگ مرکز، ہیلی پیڈ اور کیفے ٹیریا بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، احاطے میں 3000 افراد کی گنجائش والا ایمفی تھیئٹر اور تقریباً دو لاکھ افراد کی گنجائش والا ریلی اسٹیج بھی بنایا گیا ہے۔ راشٹر پریرنا استھل نہ صرف تاریخی یادداشت کا مرکز ہے بلکہ آنے والی نسلوں میں حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دے گا۔







