
ئی دہلی: غالب انسٹی ٹیوٹ نے بین الاقوامی جشن غالب تقریبات کا اعلان کیا ہے۔ اس مرتبہ یہ تقریبات 26 تا 28 دسمبرایوان غالب نئی دہلی میں ہوں گی۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسرصدیق الرحمٰن قدوائی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس مرتبہ سمینارکا موضوع ’منشی پریم چند: ذہن زمانہ اورآرٹ‘ ہے۔ سمینارکا کلیدی خطبہ پروفیسرعلی احمد فاطمی پیش کریں گے۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت میرے سپرد ہے۔ سمینارکا افتتاح اشوک واجپئی کریں گے اورمنشی پریم چند کے پوتے پروفیسرآلوک رائے مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروفیسرپرشوتم اگروال اورپروفیسراپوروانند مہمان اعزازی کی حیثیت سے افتتاحی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ڈاکٹررخشندہ جلیل استقبالیہ کلمات اورڈاکٹرادریس احمد اظہارتشکرپیش کریں گے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد شام غزل (کلام غالب) کا اہتمام کیا جائے گا جس میں معروف غزل سنگرودیا شاہ غزل سرائی کریں گی۔ 27 اور28 دسمبرکوصبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ادبی اجلاس ہوں گے، جس میں ملک و بیرون ملک کے دانشورمقالات پیش کریں گے۔ سمینارمیں جن حضرات کومقالہ خوانی کے لیے مدعوکیا گیا ہے ان میں امیرمہدی (برمنگھم)، ڈاکٹریورووا صباحت،پروفیسرحبیب اللہ (تاجکستان)،ڈاکٹرگلبستاں مموتی، پروفیسر ہریش ترویدی، پروفیسرصغیرافراہیم، شین کاف نظام، ڈاکٹرپردیپ جین، ڈاکٹرخالد علوی، پروفیسرغضنفر،پروفیسرارتضیٰ کریم، پروفیسرشافع قدوائی، پروفیسرطارق چھتاری، پروفیسرکوثرمظہری، پروفیسر ابوبکر عباد، پروفیسرثروت خان، پروفیسرجتیندرشریواستو، پروفیسرندیم احمد، ڈاکٹرپربھات رنجن، پروفیسرسونیا گپتا، ڈاکٹرفوزان احمد، ڈاکٹرسفینہ بیگم، ڈاکٹرمحمد مشتاق تجاروی، پروفیسرمحمد کاظم، نازرین انصاری، مقصود دانش، ڈاکٹرمشتاق صدف، ڈاکٹرمشرف علی، ڈاکٹرمحمد اکمل، محمد فیض اللہ خاں، ڈاکٹرنیلوفرحفیظ، ڈاکٹرفیضان الحق، ڈاکٹرجاوید عالم اورڈاکٹرشاہد جمال شامل ہیں۔ اجلاس کے صدارت پروفیسرصادق، پروفیسرخالد محمود، پروفیسرمظہرمہدی،پروفیسرچندر شیکھر، پروفیسرانورپاشا،پروفیسرخواجہ محمد اکرام الدین،پروفیسرشہزاد انجم، پروفیسرعلیم اشرف کریں گے جبکہ ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹرعبدالرزاق زیادی، ڈاکٹرغزالہ شیرین، ڈاکٹرشاداب شمیم، ڈاکٹرندیم احمد، ڈاکٹرمحمد مستمر، ڈاکٹرمحمد احمد، ڈاکٹرنورین علی حق ہوں گے۔
غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹرڈاکٹرادریس احمد نے بتایا کہ 27 دسمبرکوشام 6 بجے عالمی مشاعرے کا اہتمام کیا جائے گا، جس کی صدارت پروفیسروسیم بریلوی کریں گے اورمہمانِ خصوصی امیرمہدی (برمنگھم) اورایم۔ ایف۔ فاروقی ہوں گے۔ نظامت کے فرائض منصورعثمانی اورمعین شاداب ادا کریں گے۔ جن شعرا کومدعو کیا گیا ہے، ان میں بیرونِ ممالک سے امیرمہدی (برمنگھم)، پرویزمظفر(لندن)، جلیل نظامی (قطر)، ثاقب ہارونی (نیپال)، انورکمال(بحرین) شامل ہیں۔ جبکہ مہمان شعرا میں پروفیسروسیم بریلوی، ایم۔ ایف۔ فاروقی، شین۔ کاف۔ نظام، منصورعثمانی، ڈاکٹراعجازپاپولرمیرٹھی، فاروق جائسی، عقیل نعمانی، شکیل اعظمی، شمس تبریزی، خورشید حیدر، افضل منگلوری کی شرکت متوقع ہے۔ وہیں مقامی شعرا میں سلیم شیرازی، راشدجمال فاروقی، ذکی طارق، ڈاکٹرماجد دیوبندی، اقبال اشہر، شاہد انجم، ملک زادہ جاوید، سلیم امروہوی، معین شاداب، آشکارا خانم ’کشف‘، مراد علی کومدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 28 دسمبرکوشام 6 بجے’ہم سب ڈرامہ گروپ‘ کی جانب سے اردوڈرامہ ’غالب کی واپسی‘ تحریراے آرکاردارہدایت، عباس حیدرنقوی، پیش کیا جائے گا۔ اس مرتبہ سمینار کے موقع پرمنشی پریم چند کی کتابوں اورتصویروں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جس کا افتتاح منشی پریم چند کے پوتے پروفیسرآلوک رائے کے دست مبارک سے ہوگا۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کی 10 نئی مطبوعات کا افتتاح بھی عمل میں آئے گا۔







