
وزیر اعظم نریندر مودی کا ایتھوپیا کا دورہ نہایت کامیاب اور بامقصد ثابت ہوا ہے۔ اس تاریخی دورہ کے دوران بھارت اور ایتھوپیا کے تعلقات کو باضابطہ طور پر اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا، جس سے دونوں ممالک کے باہمی رشتے ایک نئی بلندی تک پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے دورے کی جھلکیوں پر مشتمل ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا، جسے عوام کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
ایتھوپیا پہنچنے پر وزیر اعظم مودی کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گھڑ سوار دستے نے بھارتی اور ایتھوپین پرچم تھامے وزیر اعظم کے قافلے کا استقبال کیا، جبکہ سڑکوں کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ استقبال کے مناظر نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی اور باہمی احترام کو نمایاں کر دیا۔ ان مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔
دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری
ادیس ابابا میں وزیر اعظم مودی نے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی سے اہم ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد بھارت اور ایتھوپیا کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے کا اعلان کیا گیا، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کئی شعبوں میں اہم معاہدوں پر ہوئے دستخط
اس دورے کے دوران تعلیم، صحت، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور اختراعات جیسے اہم شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں کے ذریعے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ایتھوپیا آ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی اور بھارت و ایتھوپیا صدیوں پرانی تہذیبی اور تجارتی روابط سے جڑے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ بھارت اور افریقی ممالک گلوبل ساؤتھ کے اہم شراکت دار ہیں۔ حالیہ برسوں میں بھارت اور افریقہ کے درمیان تعلقات میں تیزی سے مضبوطی آئی ہے۔ ایتھوپیا کا یہ دورہ بھارت۔افریقہ دوستی کو مزید وسعت دینے اور عالمی سطح پر گلوبل ساؤتھ کی آواز کو مضبوط کرنے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔







