
بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارکا یہ ویڈیو، جہاں وہ ایک مسلم خاتون کا حجاب کھینچتے ہوئے نظرآرہے ہیں، تنازعہ میں گھرتا چلا جا رہا ہے۔ اپوزیشن پارٹی مسلسل نتیش کمارکومسلم مخالف قراردے رہے ہیں اوربہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارپرخواتین کی توہین کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ دوسری طرف، جے ڈی یوکے لیڈران کا بچاوکرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑرہے ہیں۔ اس درمیان جموں وکشمیرمیں پی ڈی پی سربراہ اورسابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے بیان نے بھی سب کی توجہ مرکوزکی۔
پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرپوسٹ کرکے لکھا کہ وہ نتیش کمارکوانفرادی طورپرجانتی ہیں اوران کی تعریف کرتی آئی ہیں، لیکن اب جو انہوں نے مسلم خاتون کے تئیں نتیش کمارکا رویہ دیکھا، وہ حیران رہ گئیں۔
یہ نتیش کمارکے بڑھاپے کا اثرہے: محبوبہ مفتی
محبوبہ مفتی نے لکھا- ”نتیش کمارکوایک نوجوان مسلم خاتون کا نقاب کھینچتے ہوئے دیکھ کرمجھے گہرا صدمہ لگا ہے۔ کیا اسے بڑھاپے کا اثرمانا جائے یا مسلمانوں کوعوامی طورپرذلیل کرنے کی معمول کے مطابق صورتحال کا۔“
اتنا ہی نہیں، محبوبہ مفتی نے اس بات کا بھی ذکرکیا کہ جب نتیش کمارخاتون کا حجاب ہٹانے کی کوشش کررہے تھے، تب ان کے آس پاس موجود لوگ ہنس رہے تھے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس خطرناک حادثہ کو وہاں موجود لوگ تفریح کی طرح دیکھ رہے تھے، یہ بات اوربھی زیادہ پریشان کرنے والی ہے۔
نتیش کمار کے وزیراعلیٰ عہدے سے ہٹنے کی اپیل
اسی کے ساتھ محبوبہ مفتی نے بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمارسے اپیل کردی ہے کہ وہ اب وزیراعلیٰ کا عہدہ چھوڑدیں۔ پی ڈی پی سربراہ نے لکھا- ”نتیش صاحب، شاید اب آپ کے عہدہ چھوڑنے کا وقت آگیا ہے۔“







