
مہاراشٹرمیں میونسپل الیکشن کے نتائج کی تاریخوں کے حوالے سے ایک اہم اپ ڈیٹ آگیا ہے۔ بامبے ہائی کورٹ کی ناگپوربنچ نے نہ صرف ووٹوں کی گنتی ملتوی کردی ہے بلکہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی تاریخ کو بھی آگے بڑھا دیا ہے۔ ہائی کورٹ کی ناگپوربنچ نے حکم دیا ہے کہ تمام میونسپل کونسل اورٹاؤن کونسل انتخابات کے نتائج کا اعلان اب 21 دسمبرکوکیا جائے گا۔ ریاست میں تقریباً 20 میونسپل کونسل کے لیے ووٹنگ ملتوی کردی گئی تھی کیونکہ میونسپل کونسل کے کچھ معاملات میں عدالتی سماعتیں زیرالتواء تھیں۔ یہ انتخابات اب 20 دسمبرکوہوں گے۔
عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ سبھی الیکشن کے نتائج ایک ہی دن اعلان کئے جائیں، ورنہ 20 میونسپل کونسل کے نتائج پراثرپڑسکتا ہے۔ سبھی فریق کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ کی بینچ نے حکم دیا ہے کہ آج جہاں ووٹنگ ہورہی ہے، ان سبھی کے نتائج 21 دسمبرکوہی ڈکلیئرکئے جائیں۔
وہیں ایگزٹ پول 20 دسمبرکو الیکشن ختم ہونے کے نصف گھنٹے کے بعد ڈکلیئرکئے جاسکتے ہیں۔ ضابطہ اخلاق بھی 20 دسمبرتک نافذ رہے گا۔ عدالت نے کہا ہے کہ جہاں الیکشن منسوخ ہوئے ہیں، وہاں کے امیدواروں کو پہلے ملے انتخابی نشان برقراررہیں گے۔






