
نئی دہلی: فلم ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی بھگوان ہنومان کے بارے میں اپنے تبصروں کی وجہ سے مشکل میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا نے ان کے خلاف دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ راجامولی نے ہنومان کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرہ کیا، جس سے ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی۔
یہ واقعہ 17 نومبر کو حیدرآباد میں ایس ایس راجامولی کی فلم ’وارانسی‘ کے ٹریلر لانچ تقریب کے دوران پیش آیا۔ تقریب کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کے بارے میں فلم ڈائریکٹر نے کہا کہ میں بھگوان پر یقین نہیں رکھتا لیکن تکنیکی خرابی نے مجھے میرے والد کی بات یاد دلائی۔ میرے والد کہا کرتے تھے کہ جب بھی مجھے پریشانی ہوگی تب بھگوان ہنومان تمہاری مدد کریں گے، لیکن اس گڑبڑی میں کیا بھگوان مدد کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کے ہنومان بھکت ہونے کا بھی ذکر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ان کی بیوی کے ہنومان اس بار ان کی مدد کریں گے۔
راجامولی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، اور انہیں بڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں نے اس تبصرہ کو مذہبی جذبات کی توہین اور بھگوان ہنومان کی عقیدت کو ٹھیس پہنچانے والا قرار دیا۔
دہلی پولیس سے تحقیقات کا مطالبہ
راجامولی کے تبصرے کو ہندو سینا نے سنجیدگی سے لیا ہے۔ وشنو گپتا نے اپنی شکایت میں لکھا کہ وہ بھگوان ہنومان کے تئیں اپنی عقیدت کو لے مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے دہلی پولیس سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راجامولی کا تبصرہ نہ صرف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے بلکہ سماجی اور برادری کی ہم آہنگی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
معاملے میں فوری کارروائی کرنے کی اپیل
وشنو گپتا نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری کارروائی کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت قوانین نافذ کرے۔ راجامولی، جنہوں نے باہوبلی اور آر آر آر جیسی ہٹ فلمیں دی ہیں، اپنے فلم سیٹ کی شان، دمدار کہانی، شاندار وژوئلز، اور بڑے پیمانے پر ایکشن سینز کے لیے جانا جاتا ہے۔







