
ہندوستانی کھلاڑی شریس ائیر کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں کیچ لیتے ہوئے پسلیوں میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اب خبر ملی ہے کہ انہیں اس چوٹ کے سبب سڈنی کے ایک اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔ وہ آئی سی یو (انتہائی نگہداشت یونٹ) میں ہیں۔ اس معاملے سے واقف ایک ذرائع نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ائیر کا اندورونی خون بہا اور انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کروانا پڑا۔
ذرائع نے بتایا کہ شریس ائیر آئی سی یو میں ہیں اور رپورٹ میں اندرونی خون بہنے کا انکشاف ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے۔ ان کی صحت یابی کی بنیاد پرانہیں 2 سے 7 دن تک نگرانی میں رکھا جائے گا کیونکہ خون بہنے سے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنا ضروری تھا۔
میچ کے دوران ائیر بیک ورڈ پوائنٹ پر کھڑے تھے جب آسٹریلوی بلے باز ایلکس کیری کا ایک شارٹ ہوا میں گیا اوراس پر ائیر مخالف سمت سے دوڑے اور ڈائیو لگا کرشاندار کیچ پکڑا، حالانکہ اس دوران ان کی پسلیوں میں چوٹ لگ گئی، وہ میدان پر گرگئے،درد سے تڑپ رہے تھے ۔ فزیو تھراپسٹ نے میدان میں آکر انہیں چیک کیا اور میدان سے باہر لے گئے۔
ڈریسنگ روم میں لے جاتے وقت ائیر کا درجہ حرارت، پلس ریٹ اور بلڈ پریشر بے قابو ہو رہا تھا۔ انہیں سانس لینے میں بھی پریشانی ہونے لگی جس کے بعد بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم انہیں اسپتال لے گئی۔ رپورٹ میں ایک ذریعہ نے بتایا کہ ٹیم کے ڈاکٹر اور فزیو نے بغیر کوئی خطرہ مول لیے انہیں اسپتال میں داخل کرایا۔ وہ اب مستحکم ہیں لیکن یہ جان لیوا بھی ہو سکتا تھا۔ وہ بہت مضبوط ہیں اور جلد ہی صحت یاب ہو جائیں گے۔





