سابق مایہ ناز ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون جلد ہی ’بگ بیش لیگ‘ (بی بی ایل) میں جلوہ بکھیرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ بی بی ایل ٹیم سڈنی تھنڈر نے اشون کو سائن کر لیا ہے۔ اشون بگ بیش لیگ میں کھیلنے والے پہلے ہندوستانی کرکٹر ہوں گے۔ رواں سال بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل کو خیرباد کہنے والے 39 سال کے روی چندرن اشون 14 دسمبر سے 25 جنوری تک ہونے والے بی بی ایل کے دوسرے ہاف کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یعنی وہ مکمل ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے، بلکہ ٹورنامنٹ کے درمیان میں سڈنی تھنڈر سے جڑیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ اشون بی بی ایل میں کھیلنے والے پہلے ہندوستانی مرد کرکٹر ہوں گے۔ ہندوستان میں پیدا ہونے والے انمکت چند اور نکھل چودھری بیرون ملک منتقل ہونے کے بعد بی بی ایل میں کھیلے تھے۔ اشون بگ بیش لیگ سے قبل ایک دیگر غیر ملکی لیگ میں بھی کھیلتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔ اشون آئی ایل ٹی-20 نیلامی میں شامل ہوئے ہیں۔ آئندہ سال 4 جنوری کو لیگ کے ختم ہونے کے بعد وہ بی بی ایل کے دوسرے ہاف میں سڈنی تھنڈر سے جڑیں گے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے اصول کے مطابق کوئی بھی فعال کھلاڑی اس وقت تک غیر ملکی لیگ نہیں کھیل سکتا ہے، جب تک کہ وہ قومی ٹیم یا آئی پی ایل ٹیم سے منسلک ہو۔ اگر کوئی کھلاڑی قومی ٹیم اور آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ لے لیتا ہے تو اس کے بعد وہ غیر ملکی لیگ میں حصہ لینے کا اہل ہو سکتا ہے۔