عام آدمی پارٹی نے دہلی کی ریکھا گپتا حکومت پر نشانہ سادھا ہے۔ عآپ نے کہا ہے کہ دہلی میں ’پھولیرا گرام پنچایت‘ جیسی حکومت چل رہی ہے، جہاں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے شوہر منیش گپتا دہلی کی سرکاری میٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ عآپ نے اس میٹنگ سے جڑی تصویریں بھی ایکس پر شیئر کی ہیں۔
دہلی عآپ حکومت کے سابق وزیر سوربھ بھاردواج نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت پھولیرا پنچایت بن گئی ہے۔ جیسے پھولیرا پنچایت میں خاتون پردھان کے شوہر پردھان کی طرح کام کرتے تھے، آج دہلی میں وزیر اعلیٰ کے شوہر سرکاری میٹنگ میں بیٹھ رہے ہیں۔
کیا دنیا کی سب سے بڑی پارٹی کی وزیر اعلیٰ کے پاس کوئی ایسا کارکن نہیں بچا ہے جس پر بھروسہ کر سکیں؟ ایسا کیا کام ہے جو صرف پریوار والا ہی کر سکتا ہے؟ ایسی کیا وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنے شوہر کی اتھاریٹی قائم کرنا چاہتی ہیں؟ کیوں اس طرح سے اپنے شوہر کو سرکاری انتظامی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے؟ یہ تصویر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے انسٹا گرام سے لی گئی ہے۔
عآپ کے ایم پی سنجے سنگھ نے بھی اس تصویر پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سنجے سنگھ نے لکھا ہے، ’’پھولیرا پنچایت میں آپ کا استقبال ہے، مودی جی نے دہلی میں دو وزیر اعلیٰ بنا دیا ہے۔ ریکھا گپتا سی ایم، ان کا شوہر سپر سی ایم۔ مودی جی کی بی جے پی نے 6 مہینے میں دہلی کا کباڑا کر دیا۔‘‘
دراصل ’پنچایت‘ سیریز ملک کی ہندی پٹی میں کافی مشہور ہوا تھا۔ اس میں دیہی سطح کی سیاست کو ہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ اسی سیریز کی ’پھولیرا پنچایت‘ سے موازنہ کرتے ہوئے عآپ نے دہلی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔